0
Monday 29 May 2017 18:19

وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، حکمرانوں کے رویے سے مایوسی ہوئی ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، حکمرانوں کے رویے سے مایوسی ہوئی ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان
اسلام ٹائمز۔ عالمی شہرت یافتہ سائنسدان اور عالم اسلام کے ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ حصول تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے ہمیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنا ہوگا، حکمرانوں کے رویے نے مایوس کیا، سب کچھ چھوڑ کر وطن کی محبت میں یہاں آیا لیکن مجھے قیدی بنا کر رکھ دیا گیا ہے، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کا نادار اور بے سہارا بچوں کی تعلیمی کفالت کیلئے ’’المصطفیٰ فروغ علم پروگرام‘‘ نہایت قابلِ ستائش ہے۔ لاہور میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے صدر شیخ طاہر انجم کی رہائش گاہ پر آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ میرے والد ہیڈ ماسٹر تھے اور میرا پورا گھرانہ تعلیمی رجحان رکھتا تھا، میں نے سرکاری سکولوں میں ٹاٹ پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کی اور مسلسل کامیابیوں کے بعد کراچی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔ انہوں نے کہا المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی جس طریقے سے بچوں کی تعلیمی کفالت کی ذمہ داری ادا کر رہی ہے وہ قابلِ تقلید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہالت کے خاتمے، منشیات سے بچاؤ اور زندگی میں کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے تعلیم کا ہی سہارا لینا چاہئے اسی لئے میں نے بھی میانوالی میں ایک کالج قائم کیا ہے جہاں ہزاروں بچے زیرتعلیم ہیں اور وہ کالج کامیابی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، اب بھارت پاکستان پر جارحیت کرنے سے پہلے 100 بار سوچے گا مگر مجھے صاحبان اقتدار کے رویے سے مایوس کیا، میں ایک اچھی زندگی گزار رہا تھا لیکن اپنے وطن کی محبت میں پاکستان آ گیا اور اب آخری سانس تک اس وطن کیلئے کام کرتا رہوں گا، میں نے جو کچھ کیا وہ وطن کیلئے کیا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹرز المصطفیٰ خواجہ خالد آفتاب، اویس مصطفائی، المصطفیٰ لاہور کے صدر گلزار فیصل، شیخ عابد انجم، شیخ حامد انجم، اقبال تبسم اور کوارڈینیٹر المصطفیٰ طاہر ملک بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 641581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش