0
Tuesday 30 May 2017 15:13

ناروا لوڈشیڈنگ اور تدریسی ہسپتالوں کے ہیڈ نوشیروان برکی کیخلاف کے پی کے اسمبلی میں قراردادیں جمع

ناروا لوڈشیڈنگ اور تدریسی ہسپتالوں کے ہیڈ نوشیروان برکی کیخلاف کے پی کے اسمبلی میں قراردادیں جمع
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں ناروا لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور صوبے کے تدریسی ہسپتالوں کے ہیڈ نوشیروان برکی کے خلاف صوبائی اسمبلی میں قراردادیں جمع کر دی گئی ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں ناروا لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے خلاف جمع کردہ مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی جانب سے ناروا لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، رمضان کے بابرکت مہینے میں لوڈشیڈنگ اور شدید گرمی نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، کے پی کے میں حکومتی جماعتیں اور مرکز میں حکمران جماعت سیاسی سکورنگ اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے پر تلی ہوئی ہیں۔ قرارداد میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بڑی اور تمام ٹرانسمیشن لائنیں مکمل طور پر بوسیدہ اور ناکارہ ہوچکی ہیں، جو زیادہ لوڈ برداشت کرنے کے قابل نہیں، عوام سے بھاری بھر کم بلز وصول کرنے کے باوجود عوام اپنی مدد آپ کے تحت چندہ اکٹھا کرکے ٹرانسفارمرز کی مرمت کرتے ہیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقتصادی راہداری میں کے پی کی ٹرانسمیشن لائنز کی فوری مرمت اور نئے گرڈ اسٹیشن و فیڈرز پر ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی کی جانب سے صوبے کے بڑے تدریسی ہسپتال لیڈی ریڈنگ میں تعینات نوشیروان برکی کے خلاف صوبائی اسمبلی میں جمع کردہ قرارداد میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہسپتال میں تعینات تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا فرسٹ کزن نوشیروان برکی امریکہ کا شہری ہے اور مہینے میں ایک بار پاکستان آتا ہے، نوشیروان کو عمران خان اور وزیراعلٰی پرویز خٹک نے صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کا ہیڈ بنایا ہوا ہے، لہٰذا اس کو فوری طور پر اپنے عہدے سے برطرف کیا جائے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ نوشیروان برکی نے صوبے کے تمام بڑے تدریسی ہسپتالوں کو پرائیویٹ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے آج صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ہڑتال پر ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے سرکاری خزانے سے ہر ماہ لاکھوں روپے تنخواہ لینے والے نوشیروان برکی کو فوری طور پر اپنے عہدے سے برطرف کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 641811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش