QR CodeQR Code

حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے، علامہ مختار امامی

30 May 2017 18:10

اپنے مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ اور مسلسل بندش عوام کیلئے درد سر بن گئی، لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے حکومتی دعوے محض طفل تسلی ثابت ہو رہے ہیں، کے الیکٹرک حکام وزیراعظم و وزیراعلیٰ کے احکامات کو بھی کسی کھاتے نہیں لکھتے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کراچی میں رمضان المبارک میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، کے الیکٹرک کو حکومت اپنی تحویل میں لے کر یہ مسئلہ حل کرے، کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی اور مجرمانہ غفلت کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں اور صارفین کو بھیجے جانے والی اضافی بلوں کا نوٹس لیا جائے۔ اپنے مذمتی بیان میں علامہ مختار امامی نے کہا کہ گرمی کی شدت میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ماہ رمضان کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ ہمیشہ ختم کر دی جاتی تھی، لیکن موجودہ حکومت نے یہ سہولت چھین کر عوام دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دپانی کرائی تھی کہ کے الیکٹرک کے ذمہ دارن سے بات ہو گئی ہے اور ماہ رمضان کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، تاہم بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ جاری ہے اور عوام یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ کے الیکٹرک مافیا وزیراعلیٰ سے بھی زیادہ طاقتور اور بااختیار ہے۔

علامہ مختار امامی نے کہا کہ اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرکے کے الیکٹرک نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ وزیراعظم و وزیراعلیٰ کے احکامات کو بھی کسی کھاتے نہیں لکھتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ماہ رمضان میں سحری و افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے واضح اعلان کے بعد بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا وہی سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر عوام کا تمسخر نہ اڑایا جائے، سندھ میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا جائے، تاکہ عوام کو گرمی کی اس شدت میں اس اذیت سے نجات حاصل ہو سکے۔ علامہ مختار امامی نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے غیر اعلانیہ اور غیر مساوی لوڈشیڈنگ کرنے پر نیپرا کو کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایسے عوام کیلئے خوش آئند قرار دیا۔


خبر کا کوڈ: 641865

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/641865/حکومت-توانائی-کے-بحران-پر-قابو-پانے-میں-ناکام-ہو-چکی-ہے-علامہ-مختار-امامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org