QR CodeQR Code

اسلامی فوجی اتحاد کی تفصیلات نہ دینے پر چیئرمین سینٹ برہم، وزیر دفاع اور مشیر خارجہ آج طلب

31 May 2017 01:24

چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کو بند کیوں نہ کر دیں، کوئی بھی وزیر ایوان میں موجود نہیں۔ 29 مئی کو بھی یہ نوٹس ایجنڈا پر موجود تھا، بتایا گیا کہ یہ معاملہ وزارت خارجہ سے متعلق ہے، وزارت کیوجہ سے بات کی گئی تو جواب آیا کہ انکے دائرہ کار میں یہ معاملہ نہیں، انکے پاس یہ معلومات نہیں ہیں۔ وزارت دفاع بھی جواب سے انکاری ہے، کیا پارلیمنٹ کو یہ حق حاصل نہیں کہ اسے اسلامی ملٹری الائنس سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اسلامی فوجی اتحاد کے دائرہ کار کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر دفاع اور خارجہ امور کے سیکرٹریز کو ایوان بالا کا استحقاق مجروح کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز کو بدھ کو (آج) دن 11 بجے ایوان میں طلب کرلیا۔ انہوں نے ریمارکس دیئے پارلیمنٹ کو بند کیوں نہ کر دیں، دونوں وزارتیں متذکرہ معلومات کی فراہمی سے معذرت کر رہی ہیں۔ اجلاس کے دوران پی پی پی کے رہنما سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے سعودی حکام کے بیانات کہ اسلامی ملٹری الائنس نہ صرف دہشت گرد تنظیموں جیسے داعش اور القاعدہ کو روکے گا بلکہ یہ کسی رکن ملک کے لئے خطرے کا باعث بننے والے باغی گروہوں کے خلاف اس ملک کی درخواست پر کارروائی کرے گا، سے متعلق وزیر دفاع کی توجہ مبذول کروانے کا نوٹس پیش کیا۔ نوٹس پیش ہونے کے موقع پر ایوان بالا میں موجود واحد وزیر ریاض حسین پیرزادہ بھی اٹھ کر چلے گئے۔ محرک نے کہا کہ آج بھی وزیر دفاع ایوان سے غیر حاضر ہیں۔

چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ کو بند کیوں نہ کر دیں، کوئی بھی وزیر ایوان میں موجود نہیں۔ 29 مئی کو بھی یہ نوٹس ایجنڈا پر موجود تھا، بتایا گیا کہ یہ معاملہ وزارت خارجہ سے متعلق ہے، وزارت کی وجہ سے بات کی گئی تو جواب آیا کہ ان کے دائرہ کار میں یہ معاملہ نہیں، ان کے پاس یہ معلومات نہیں ہیں۔ وزارت دفاع بھی جواب سے انکاری ہے، کیا پارلیمنٹ کو یہ حق حاصل نہیں کہ اسے اسلامی ملٹری الائنس سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں۔ تفصیلات کی فراہمی کی بجائے اسے تھالی کا بینگن بنایا جا رہا ہے۔ اس طرز عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ پارلیمنٹ کو کٹی ہوئی گھاس سمجھ لیا گیا۔ نوٹس کے محرک نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ دونوں سیکرٹریز نے استحقاق مجروح کیا۔


خبر کا کوڈ: 641980

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/641980/اسلامی-فوجی-اتحاد-کی-تفصیلات-نہ-دینے-پر-چیئرمین-سینٹ-برہم-وزیر-دفاع-اور-مشیر-خارجہ-ا-ج-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org