0
Wednesday 31 May 2017 21:41

ڈی آئی خان میں عام آدمی کی پولیس تک رسائی کا نیا نظام متعارف

ڈی آئی خان میں عام آدمی کی پولیس تک رسائی کا نیا نظام متعارف
اسلام ٹائمز۔ ریجنل پولیس آفیسر سید فدا حسن شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں پولیس ایکسیس سروس "پاس" کے نئے نظام یعنی عام آدمی کی پولیس تک آسان رسائی کا افتتاح کر دیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آر پی او سید فدا حسن شاہ نے معززین علاقہ، منتخب نمائندوں، سیاسی و مذہبی شخصیات اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔ انہوں نے اس تقریب میں موجود شرکاء کو پاس کے نئے نظام کے حوالے سے دفتر میں موجود سہولیات کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ضلع ناظم عزیز اللہ خان علیزئی، ڈی پی او راجہ عبد الصبور خان سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سید فدا حسن شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام دوست پولیس ہے، بدقسمتی سے کچھ عرصہ سے دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے مجبوراً بیرئیرز سمیت دیگر رکاوٹیں پولیس عمارات کے ارد گرد بنائی گئی، جس کی وجہ سے بعض شہریوں کا پولیس سے رابطہ آسان نہیں رہا۔

آر پی او کا مزید کہنا تھا پولیس کے موجودہ صوبائی سربراہ کی کوششوں سے عام عوام کی پولیس تک آسانی رسائی کے لئے پولیس ایکسیس سروس کا جدید نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس سے آپ ایس ایم ایس، کال، ای میل یا پھر پاس کے دفتر پہنچ کر اپنی شکایات یا مسئلہ ہم تک پہنچا سکتے ہیں، جس پر 24 گھنٹے کے اندر پولیس عام شہری تک پہنچ کر اسکی شکایات یا مسئلہ کا ازالہ کرے گی۔ یہ نظام پولیس کے قابل جوانوں نے خود تیار کیا ہے، اس نظام سے کے پی کے پولیس میں شفافیت اور عوامی جوابدہی کو فروغ ملے گا، عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے تحریری درخواستوں اور دفاتر کے چکر نہیں لگائیں گے، نئے نظام کے تحت ڈی آئی جی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین محسود تمام وصول شدہ شکایات کی خود نگرانی کرسکیں گے اور تمام عوامی شکایات اور مسائل کے بروقت حل کرنے کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے لوگ پُرامن ہیں اور پُرامن ماحول کے لئے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے، ہم سب نے مل کر شہر کا سکون اور ماحول برقرار رکھنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 642226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب