0
Thursday 1 Jun 2017 17:44

اگر وزیراعظم ڈاکا مارے تو کیا اسے چھوڑ دیا جائے، بنی گالہ اراضی حلال پیسوں سے خریدی، عمران خان

اگر وزیراعظم ڈاکا مارے تو کیا اسے چھوڑ دیا جائے، بنی گالہ اراضی حلال پیسوں سے خریدی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بنی گالا اراضی حلال کے پیسوں سے خریدی جسے عدالت میں ثابت کردوں گا۔ ایک جھوٹ بولنے کے بعد 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں اور اس کے بعد بھی کسی قطری کا خط لانا پڑتا ہے۔ جمائما کو بنی گالا اراضی کی خریداری کے لیے بھیجی گئی رقوم کی رسیدیں مل گئی ہیں اور اب انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عدالتوں میں فریقین کا موقف سننے کے بعد ہی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بنی گالہ اراضی حلال پیسے سے خریدی ہے، جس طرح چاہے تحقیقات کر لی جائے، ہم کسی صورت بلیک میل نہیں ہوں گے۔ ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی نے نواز شریف کے کہنے پر ڈرامہ کیا ہے۔ یہ نواز لیگ کی پرانی عادت ہے۔ پہلے مشاہداللہ اور پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنایا اور اب بہت منصوبے کے ساتھ جے آئی ٹی پر حملہ کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ مافیا ہے۔ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو ڈان قرار دیا۔ نہال ہاشمی کی جگہ صرف جیل میں ہے۔ تحقیقاتی حکام کے بچوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت متعدد پاکستانی بیرون ملک جیلوں میں بند ہیں، جن کی کوئی خبر گیری کرنے والا نہیں۔ ہم نے ایمل کانسی، رمزی یوسف کو پکڑ کر دے دیا۔ ہم ایسی مخلوق ہیں جس پر جتنا چاہے ظلم ہوتا رہے۔ یہ غلط ہے۔ جب ریاست اپنی قوم، اپنے لوگوں کی عزت اور حفاظت کرتی ہے تب اس کی عزت ہوتی ہے۔ ملک تاریخی موڑ پر کھڑا ہے۔ مدینے کی ریاست عدل و انصاف پر قائم تھی۔ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ قائم نہیں رہ سکتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حضرت علی علیہ السلام کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں چل سکتا۔ اگر وزیراعظم ڈاکا مارے تو کیا ہمارا نظام اسے پکڑ سکتا ہے۔ عمران خان نے خیبرپختون خوا ہڑتالی ڈاکٹروں کے حوالے سے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر صرف ایک گھنٹہ اسپتال میں آتے ہیں۔ ہم نے حاضری کا بائیو میٹرک سسٹم شروع کیا جس کے خلاف ڈاکٹر ہڑتال پر چلے گئے۔ ڈاکٹروں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے۔ طبی شعبے میں اصلاحات ضرور کریں گے۔ ہڑتالی ڈاکٹرز مریضوں کی اموات کے ذمہ دار ہیں۔ عدالت کا فیصلہ ہے کہ بنیادی خدمات کا عملے ہڑتال نہیں کرسکتا۔ ڈاکٹروں نے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی۔
خبر کا کوڈ : 642471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش