0
Thursday 1 Jun 2017 18:11

گراں فروشی پر قابو پانے کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات ثابت ہوئے، آصف صفوی

گراں فروشی پر قابو پانے کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات ثابت ہوئے، آصف صفوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری اطلاعات آصف صفوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی پر قابو پانے کے حکومتی دعوے محض اخباری بیان ثابت ہوئے ہیں، اشیائے خوردونوش اور پھلوں کی آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کو مشکلات میں جکڑا ہوا ہے، ضلعی انتظامیہ نے عوام کو لوٹنے کیلئے گراں فروشوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، ماہ رمضان المبارک کے تقدس کے پیش نظر غیر مسلم ممالک اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں نمایاں کمی کرتے ہیں، لیکن ہمارے ہاں کھانے پینے کی چیزیں مہنگی کرکے روزہ داروں سے روٹی کا لقمہ بھی چھین لینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ صوبائی وحدت آفس کراچی میں سوشل میڈیا ٹیم کیلئے دی گئی افطار کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف صفوی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ملک کے تمام شہروں میں پرائس مجسٹریٹ بازاروں کا دورہ کریں اور چیزوں کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا جائے، گراں فروشوں کو موقع پر جرمانے کئے جائیں، تو عوام کو اس مہنگائی کی اس اذیت سے نجات مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کا بھی محاسبہ ہونا چاہیے، جو خود ساختہ مہنگائی کا باعث بنتے ہیں، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا حکومت کے انتظامی اداروں کی ذمہ داری ہے، ضلعی انتظامیہ کی دانستہ غفلت ناجائز منافع خوروں کے حوصلوں میں اضافے کا باعث بنتی ہے، اگر ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں، تو پھر طے شدہ نرخوں سے زائد قیمت پر خرید و فروخت کی کسی کو جرأت نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 642483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش