0
Thursday 1 Jun 2017 20:25

کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
اسلام ٹائمز۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت دوودھ، آٹا، سبزی، دالیں، گوشت، پھلوں، مرغی اور دیگر اشیاء خورد نوش سرکاری نرخ نامہ سے زائد پر فروخت کرنے پر 297 دکانداروں کا چالان، 9 لاکھ 26 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ جن علاقوں میں گرانفروشوں کے خلاف اقدامات کئے گئے ان میں صدر، سول لائن، گارڈن، سائیٹ، بلدیہ، فیروزآباد، جمشید کوارٹرز، گلشن اقبال، گلزار ہجری، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، اورنگی، بلدیہ، بن قاسم، ابراہیم حیدری، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور ماڈل کالونی کے علاقے شامل ہیں۔ اعجاز احمد خان نے مزید بتایا کہ شہر بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کاروں کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 14 دودھ فروشوں پر 40000 روپے، 55 اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں پر 416500 روپے، 23 مرغی فروشوں پر 44000 روپے، 57 سبزی فروشوں پر 64000 روپے، 106 پھل فروشوں پر 19100 روپے، 11 گوشت فروشوں پر 63000 روپے، 28 بیکری والوں پر 93000 روپے اور 03 مختلف گرانفروشوں پر 15000 روپے جرمانے عائد کئے گئے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی، گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کا کریک ڈاؤن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ یہ ضمیر فروش اپنی روش ترک نہ کردیں اور عوام کو سرکاری ریٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت کو یقینی نہیں بنالیتے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی گرانفروشی کو روکنے کے سلسلے میں سبزی منڈی اور پھل منڈی میں رات نیلامی کے اوقات میں انتظامی افسران کی جانب سے نگرانی جا ری ہے، جس کے نتیجے میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو سرکاری ریٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور یہ عمل مسلسل جا ری رہے گا، تا کہ حکومت کی ہدایت پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے گرانفروشی کے خاتمے اور قیمتوں میں استحکام و سرکاری ریٹ پر اشیاء خوردنوش کی فروخت کے احکامات کو یقینی بنایا جائیگا اور ان کی ہدایات پر ہر صورت میں عملدرآمد کروایا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 642528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش