QR CodeQR Code

حکومت کراچی کی عوام کو کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے ظلم سے نجات دلوائے، یعقوب شہباز

2 Jun 2017 19:34

اپنے ایک بیان میں ایس یو سی سندھ کے نائب صدر نے کہا کہ سیاستدان اس مقدس مہینے رمضان کا بھی احترام نہیں کر رہے، جھوٹ پر مبنی بیانات پر بیان دیئے جا رہے ہیں کہ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خدارا حکومت اب ہوش کے ناخن لے، خواب غفلت کی نیند سے بیدار ہو۔


اسلام ٹائمز۔شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ حکومت کراچی کی عوام کو کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے ظلم سے نجات دلوائے اور شہر میں گرمی سے جانبحق افراد کا مقدمہ کے الیکٹرک کے خلاف درج کروائے۔ اپنے ایک بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک رحمتوں بخششوں اور رزق میں فراوانی کا مہینہ ہے، ماہ رمضان تمام مہینوں کا سردار، اللہ کا محبوب مہینہ اور مسلمانان عالم کیلئے قلب و روح کیلئے تزکیہ کا سامان لے کر آتا ہے، رمضان میں نیک کاموں کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے، روزے کی روح اور مقصد رضائے الہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزے کی عبادت کو اللہ تعالیٰ نے اعلیٰ وصف اور امتیازی شان سے نوازا ہے، روزے کی حالت میں انسان اپنی نفسیاتی خواہشات اور طعام کو اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے چھوڑتا ہے، مسلم معاشرے میں ماہ رمضان المبارک کی آمد مسلمانوں کیلئے خوشخبری اور نیکیاں کمانے کا موسم ہے۔

یعقوب شہباز نے کہا کہ یہ بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے، اس مہینے میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے، ماہ رمضان المبارک میں قرآن مجید کا نزول ہوا ہے، اسی ماہ میں ایک ایسی رات ہے، جس کی عبادت ہزار مہینوں سے افضل ہے، لیکن ہمارے ملک کے سیاستدان اس مقدس مہینے کا بھی احترام نہیں کر رہے، جھوٹ پر مبنی بیانات پر بیان دیئے جا رہے ہیں کہ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خدارا حکومت اب ہوش کے ناخن لے، خواب غفلت کی نیند سے بیدار ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہر کراچی کی عوام کو کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے ظلم سے نجات دلوائے اور شہر کراچی میں گرمی سے جانبحق افراد کا مقدمہ کے الیکٹرک کے خلاف درج کروائے۔


خبر کا کوڈ: 642703

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/642703/حکومت-کراچی-کی-عوام-کو-کے-الیکٹرک-اور-واٹر-بورڈ-ظلم-سے-نجات-دلوائے-یعقوب-شہباز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org