0
Friday 2 Jun 2017 20:41

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پھل بائیکاٹ مہم جاری

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پھل بائیکاٹ مہم جاری
اسلام ٹائمز۔ رمضان المبارک کے موقع پر پھلوں کے تاجروں کی جانب سے ناجائز منافع خوری پر شہر قائد میں سوشل میڈیا کے ذریعے شروع کی گئی تحریک کے تحت جمعہ کو 3 روزہ پھل بائیکاٹ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، جب کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی اس مہم کی بھرپور حمایت کی جارہی ہے۔ مقامی خبر رساں ادارے کی جانب سے کئے گئے سروے کے مطابق صدر میں لگنے والی پھل مارکیٹ میں سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کے حوالے سے وہاں موجود لوگوں کی رائے لی تو وہاں موجود عوام نے پھلوں کی خریداری کے بائیکاٹ کی تائید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں پھلوں کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کو عوام نے مسترد کرتے ہوئے گراں فروشی کے خلاف سوشل میڈیا سے شروع ہونے والی پھل بائیکاٹ مہم کی بھرپور حمایت کردی ہے۔ سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے ہوش ربا قیمتوں والے پھلوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایسے پھل نہ خریدنے کی مہم چلائی گئی، جس کے تحت عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز پھل نہ خریدیں، تاکہ مہنگائی آسمان پر پہنچانے والے منافع خوروں کی سرکوبی کی جاسکے۔

کراچی میں کمشنر اور صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ سمیت سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھی اس مہم کی حمایت کردی، جس کے بعد شہریوں نے پھلوں کی قیمتیں گھٹانے کیلئے مہنگے پھل نہ خریدنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ کراچی میں گراں فروشی کے خلاف عوامی جوش دیکھ کر پھل بائیکاٹ مہم کا دائرہ لاہور سے پشاور تک جاپہنچا ہے اور عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ناجائز منافع خوری کے خلاف پھل بائیکاٹ مہم میں بھرپور طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ صدر میں موجود پولیس اہلکاروں نے بھی پھلوں کی خریداری کے بائیکاٹ کے حوالے سے اپنا حصہ ڈالنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم بھی عوام ہیں اور ہمارے بھی بچے ہیں۔ اس موقع ایک خاتون نے کہا کہ یہودی اچھے ہیں ان کا تہوار آتا ہے تو چیزوں کی قیمتیں آدھی ہوجاتی ہیں، اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں مسلمانوں کو ئی سہولت نہیں دی جاتی، یہ کیسا مسلمان ملک ہے؟ قریبی کھڑے ٹریفک پولیس اہلکار نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں کہ بچوں کے لئے پھل خرید سکیں۔
خبر کا کوڈ : 642722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش