QR CodeQR Code

اسلام دشمن قوتیں ایران اور سعودی عرب کے مابین کشیدہ صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں، راشد سومرو

2 Jun 2017 21:06

سکھر میں جلسہ سے خطاب کے دوران سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ نے کہا کہ استعماری طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے خطے کو جنگ کا ایندھن اور آماجگاہ بنانا چاہتی ہیں، عالم اسلام کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئے اور باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے سامراجی عزائم کو ناکام بنائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں ایران اور سعودی عرب کے مابین کشیدہ صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں اور خطے کو فرقہ وارانہ جنگ کی آگ میں جھونکنے کی ناپاک سازش کی جا رہی ہے، جس پر جے یو آئی کو شدید تشویش ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار راہوں نے گوٹھ دین پور مہر میں جے یو آئی کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی جانے والی افطار پارٹی اور جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ علامہ راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ ہم دونوں اسلامی ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ باہمی کشیدگی ختم کرکے مذاکرات اور سفارتی ذریعہ سے مسائل کا حل تلاش کرکے عالم اسلام اور امت مسلمہ کو مزید مشکلات سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ استعماری طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے خطے کو جنگ کا ایندھن اور آماجگاہ بنانا چاہتی ہیں، عالم اسلام کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئے اور باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے سامراجی عزائم کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے پشاور میں ہونیوالے کامیاب عالمی اجتماع کے بعد سامراجی طاقتوں نے مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی نئی سازشیں تیار کی ہیں، مگر ہم اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ان کو ناکام بناد یں گے۔ اس موقع پر مولانا عبدالحق مہر، ابو جنید چوہان و دیگر بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 642730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/642730/اسلام-دشمن-قوتیں-ایران-اور-سعودی-عرب-کے-مابین-کشیدہ-صورتحال-کا-فائدہ-اٹھانے-کی-کوشش-کر-رہی-ہیں-راشد-سومرو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org