QR CodeQR Code

پھل بائیکاٹ مہم کی حمایت کرتے ہیں، ثروت اعجاز قادری کا اعلان

2 Jun 2017 23:44

مہم کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ اگر حکومت کا کام عوام نے کرنا ہے، تو حکومت دیکھ لے کہ عوام نے آج پھل بائیکاٹ مہم کا آغاز کیا ہے، اسی طرح ہر مسئلے کے حل کیلئے عوام نے سر اٹھایا تو حکومت کی پھر ضرورت نہیں رہی گی، عوام اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پھلوں کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کے خلاف عوام کے 3 دن تک پھل بائیکاٹ مہم کی حمایت کرتے ہیں، غیر قانونی مہنگائی کو روکنا اور گران فروشوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جس میں صوبائی و شہری حکومتیں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں، پھل بائیکاٹ مہم عوام کا اچھا اقدام ہے، گران فروشوں کے خلاف عوام کا احتجاج بہتر قدم ہے، لاکھوں کروڑوں روپے کے پھل ذخیرہ کرنے اور ناجائز منافع کمانے والے بیوپاریوں اور سرمایہ داروں کو لگام دی جائے، پھل اور سبزی منڈی میں پرائز کنٹرول کرنیوالوں کا دفتر قائم کیا جائے، تاکہ پھلوں کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کی روک تھام ہو سکے، ناجائز منافع خوروں کے خلاف حکومت سختی سے نمٹتی تو مہنگائی عروج پر نہ پہنچتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہنگائی کے خلاف سوشل میڈیا سے شروع ہونیوالی پھل بائیکاٹ مہم کی حمایت کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پھل بائیکاٹ مہم عوام کا اچھا اقدام ہے، عوام نے یہ کام بھی اپنے ذمہ لے لیا ہے، جب حکومت اپنے فرائض منصبی سے منہ موڑتی ہے، تو عوام اپنے حقوق کی جنگ خود لڑتے ہیں، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے 3 دن تک پھل بائیکاٹ مہم کا اعلان کرکے حکومت کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پوری دنیا میں مذہبی تہواروں اور ایام میں اشیاء خوردونوش، پھل وغیرہ سستے کر دیئے جاتے ہیں، مگر پاکستان میں اس کے برعکس ہوتا ہے، اس کی وجہ حکومت کی ناکامی اور کرپٹ افسران ہیں، جو پرائز کنٹرول کرانے کی بجائے اپنی جیبیں بھرتے ہیں، جس کا سارا نزلہ عوام پر گرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 3 دن تک فروٹ چاٹ یا پھل کھانے کی بجائے کھجور اور کھانے سے افطاری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پھلوں اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کو روکنے کیلئے حکومت جاگے، صرف دعوؤں سے کام نہیں چلے گا، اگر حکومت کا کام عوام نے کرنا ہے، تو حکومت دیکھ لے کہ عوام نے آج پھل بائیکاٹ مہم کا آغاز کیا ہے، اسی طرح ہر مسئلے کے حل کیلئے عوام نے سر اٹھایا تو حکومت کی پھر ضرورت نہیں رہی گی، عوام اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہونگے۔ ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اشیائے خوردونوش اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، عوامی مسائل سے غفلت برتنا حلف سے پاسداری نہ کرنے کے مترادف عمل ہے۔


خبر کا کوڈ: 642757

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/642757/پھل-بائیکاٹ-مہم-کی-حمایت-کرتے-ہیں-ثروت-اعجاز-قادری-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org