0
Saturday 3 Jun 2017 00:44

منیلا، کسینو میں نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے 36 افراد ہلاک، متعدد زخمی

منیلا، کسینو میں نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے 36 افراد ہلاک، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے معروف ہوٹل کمپلیکس میں واقع کسینو میں نامعلوم شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ائیرپورٹ کے قریب واقع ورلڈ منیلا ریزورٹ کمپلیکس میں ایک شخص نے خودکار اسلحے سے فائرنگ کردی تھی، کسینو سے اب تک 36 لاشیں بر آمد کی جا چکی ہیں، جب کہ درجنوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ سکیورٹی اداروں نے کسینو میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے حملہ آور کی تصویر جاری کرتے ہوئے تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے زیادہ تر افراد دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئے، فائرنگ کے دوران ہوٹل میں بھگدڑ مچ گئی، جس کی زد میں آکر درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ منیلا پولیس چیف رونالڈ ڈیلا روساکا کہنا ہے کہ حملہ آور دھوئیں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا تھا، تاہم اس کی لاش ہوٹل ہی کے ایک کمرے سے برآمد ہوگئی ہے، حملہ آور کی سوختہ لاش ایک کمبل میں لپٹی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ قیاس کیا جارہا ہے کہ حملہ آور نے خود کو کمبل سے لپیٹ کر آگ لگا دی اور اسی سے اس کی موت ہو گئی۔ واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔ پولیس چیف ڈیلا روسا نے اسے دہشتگردی کا واقعہ نہیں بلکہ لوٹ مار کی ناکام کوشش قرار دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامعلوم شخص کسی کو مارنا نہیں چاہتا تھا بلکہ صرف گیمبلنگ چپس چرانا چاہتا تھا، لہذا یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں تھا کیونکہ جائے حادثہ پر تشدد یا دھکمانے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کرنے والا شخص گیمبلنگ روم میں اکیلا آیا اور ٹیلی ویژن سکرین پر فائرنگ کردی۔ بعد ازاں ایک میز پر پیٹرول چھڑکا اور آگ لگادی جس کے باعث کمرے میں دھواں بھرگیا، کمرے میں تقریبا 113 ملین کے چپس رکھے ہوئے تھے جنہیں ملزم چرانا چاہتا تھا۔ واضح رہے کہ فلپائن کے شہر مراوی میں گزشتہ کئی دنوں سے داعش سے منسلک ایک جنگجو گروپ کے خلاف فوجی آپریشن بھی جاری ہے، جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 642763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش