0
Sunday 4 Jun 2017 20:23

طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امام خمینیؒ کی حکمت، تدبر و جرأت کو اپنانا ہوگا، علامہ راجہ ناصر

طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امام خمینیؒ کی حکمت، تدبر و جرأت کو اپنانا ہوگا، علامہ راجہ ناصر
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم رحلت امام خمینیؒ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امام خمینیؒ وہ عظیم عالمی اسلامی رہنماء تھے، جنہوں نے امت مسلمہ کو استعماری طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا درس دیا، ان کی آواز دنیا کی ان طاقتوں کے خلاف تھی، جو اسلام کی حقیقی تعلیمات کو مسخ کرکے دنیا بھر میں اسلام کی شکل میں من پسند مذہب کا اجراء چاہتے تھے، امام خمینیؒ نے ایران میں انقلاب برپا کرکے اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کو سرنگوں اور رعونت و تکبر کے بت کو پاش پاش کیا، امت مسلمہ کو بتایا کہ جہاں بھی اسلام کے تشخص کو خطرہ ہو، اس طرح توحید کا پرچار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کا انقلاب اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کو نافذ کرنے کیلئے تھا، امام خمینیؒ ایک عارف باللہ اور ایسے عالم ربانی تھے، جن کی دوستی و دشمنی خدا کی خاطر تھی، وہ اللہ کے نظام توحید اور ربوبیت کے نظام پر کامل یقین اور ایمان رکھتے تھے، ان کا ایمان تھا کہ اس کائنات میں سب سے بڑی طاقت اور قدرت اللہ کی ذات ہے اور اسی پر توکل کرنا چاہیے، انہوں نے ناموس دین کے دفاع کیلئے آواز بلند کی، ناموس دین کے دفاع کا یہ تقاضہ ہے کہ دین کتابوں اور الماریوں میں بند نہ رہے، بلکہ دین کی اصلی تعلیمات محفوظ بھی رہیں اور معاشرے پر اللہ کے دین اور قانون کو نافذ بھی کیا جائے، امام خمینیؒ نے اس کام کیلئے اپنے آپ کو آمادہ کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امام خمینیؒ سیر و سلوک اور تہذیب نفس کے مراحل طے کئے، عظیم ترین اساتیذ اور مربیوں کے زیر اثر اپنے علمی درجات کو بلندی پر لے گئے، علم و عمل کے زیور کے ساتھ ساتھ تہذیب نفس سے اپنے باطن کو بھی آراستہ کرتے رہے، جو اللہ کے نظام کو معاشرے میں نافذ کرنے کا بنیادی مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ انبیاء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے طاغوتی اور سرکش قوتوں کے ساتھ ٹکرائے، دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند کی، ان کا مقابلہ زمانے کے طاغوتی نظام کے ساتھ تھا، امام خمینیؒ کے چاہنے والے اپنے رہبر کی آواز پر ظلم و ستم کے سامنے ڈٹے رہے، لیکن سرنگوں نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینیؒ نے کبھی رہنماء ہونے کا دعوی نہیں کیا، بلکہ دنیا بھر کے مسلمان ان کے طرز عمل سے متاثر ہو کر انہیں امت مسلمہ کا لیڈر سمجھتے تھے، مسلمانوں کے دلوں میں ان کی محبت موجزن تھی، ان کی وفات پر ہر شخص غمزدہ اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ انہوں نے کہا عصر حاضر کی طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امام خمینیؒ کی حکمت، تدبر اور جرأت کو اپنا طرز زندگی بنانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 643255
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش