0
Tuesday 6 Jun 2017 16:42

امام خمینیؒ نے عالم اسلام کی نئی نسلوں کو اپنے انقلابی افکار و نظریات سے متاثر کیا، پسند علی رضوی

امام خمینیؒ نے عالم اسلام کی نئی نسلوں کو اپنے انقلابی افکار و نظریات سے متاثر کیا، پسند علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید پسند علی رضوی نے کہا ہے کہ امام خمینیؒ نے انقلاب اسلامی کے ساتھ ہی اسلامی جمہوری نظام بھی تشکیل دیا کہ جو تمام ملکوں اور عالم اسلام کیلئے ایک کامیاب نمونہ قرار پایا ہے، ایک ایسے دور میں جو ایران کی تاریخ کا سیاہ اور گھٹن کا دور تھا، جس دور کے حکمراں نہ ہی قرآنی آیات کا احترام کرتے تھے اور نہ ہی کسی اسلامی اصول و قوانین کا، اور نہ ہی عوامی مطالبات پر کان دھرتے تھے، ایک ایسے دور میں حضرت امام خمینیؒ نے قیام کیا اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں ڈٹ گئے۔ پسند علی رضوی نے حضرت امام خمینیؒ کی 28 برسی کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا کہ تاریخ اسلام میں بہت سارے علمائے حق ایسے نظر آئیں گے، جنھوں نے تہہ تیغ کلمہ حق کی آواز بلند کی، انھوں نے کلمہ حق کی سر بلندی کیلئے کتنی زحمتیں برداشت کیں، کتنے مظالم کا مقابلہ کیا، مگر یہ تاج کسی کے سر پہ نہیں رکھا گیا کہ وہ بے سروسامانی کے باوجود ایک اسلامی انقلاب برپا کر سکیں، لیکن بیسویں صدی کے اس عظیم رہنماء کو یہ منفرد مقام حاصل ہے کہ انھوں نے روئے زمین کے اندر الٰہی حکومت کا قیام عمل میں لاکر عالم اسلام کے اوپر یہ واضح کر دیا کہ اگر مسلمان اپنے یقین کامل، اعمال صالح اور علم و آگہی کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں، تو دنیا کی کوئی ایسی طاقت نہیں جو مسلمانوں کو زیر کر سکے۔

پسند علی رضوی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے ایک ایسے دور میں جبکہ پوری دنیا کی نظروں میں صرف دو طاقتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی تھی، یہ واضح کر دیا کہ دنیا کے اندر صرف دو طاقتیں (مغربی دنیا اور کمیونسٹ) ہی نہیں، بلکہ تیسری ایک بہت بڑی طاقت بھی اسلام اور ایمان کی شکل میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے عالم اسلام کی نئی نسلوں کو اپنے انقلابی افکار و نظریات سے متاثر کیا، ایک ایسے دور میں جبکہ مسلمانان عالم مایوسی کی زندگی گزار رہے تھے، امام خمینیؒ نے اپنے کردار و عمل کے ذریعے مسلمانوں کو یہ بات سمجھا دی کہ اسلام ہی وہ مذہب ہے، جو اس دور کے تمام فتنوں، الجھنوں اور مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اپنے وقت کے سامراجی و استعماری طاقتوں کے خلاف بے سر و سامانی کے عالم میں علم بغاوت اٹھا کر مسلمانوں کو آگاہ کیا کہ انہیں خدا، رسولؐ اور قرآن کے علاوہ کسی قسم کا خوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کی شخصیت نے عالم اسلام کے فکری کردار کو اعتماد فراہم کیا، امام خمینی کی شخصیت کے انقلابی اثرات عالم اسلام کے نوجوان نسل پر پڑے اور ان میں مجاہدانہ کردار ابھرے، انقلاب اسلامی کے ظہور کے ساتھ امام امت نے اتحاد بین المسلمین کا نعرہ بلند کرتے ہوئے فرمایا کہ جو شخص شیعہ اور سنی کے درمیان اختلافات کا باعث بنے، وہ نہ تو شیعہ ہے اور نہ ہی سنی، بلکہ وہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔
خبر کا کوڈ : 643446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش