QR CodeQR Code

سیدہ خدیجہ الکبریٰ (س) ہر دور کی خواتین کیلئے رہنماء، مثال اور نمونہ ہیں، محدثہ رضا

6 Jun 2017 16:27

رحلت بی بی خدیجہ الکبری (س) کے حوالے سے تسلیت عرض کرتے ہوئے اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی تعلیم و تربیت سیکرٹری نے کہا کہ دنیا کی مالدار خاتون نے عالم غربت میں جان، جان آفریں کے سپرد کر دی اور رہتی دنیا تک پیغام دیا کہ خدا کے دین پر اپنی جان اور مال لٹا دینا چاہئے۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی تعلیم و تربیت سیکرٹری محدثہ رضا نے دس رمضان المبارک رحلت بی بی خدیجہ الکبری (س) کے حوالے سے تسلیت عرض کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی مالدار خاتون نے عالم غربت میں جان، جان آفریں کے سپرد کر دی اور رہتی دنیا تک پیغام دیا کہ خدا کے دین پر اپنی جان اور مال لٹا دینا چاہئے، اسلام آج بھی حضرت خدیجہؑ کی جان اور مال کا مقروض ہے، سیدہ خدیجہؑ کے بارے میں یہ تاریخی حقیقت بالکل سچ اور برحق ہے کہ آپ مالی حوالے سے عرب میں اس قدر مضبوط و مستحکم تھیں کہ زمانہ اسلام سے قبل ہی آپ کو اہل عرب ’’ملیکۃ العرب‘‘ یعنی عرب کی ملکہ اور مالکہ کے لقب سے یاد کرتے تھے۔ اپنے بیان میں محدثہ رضا نے کہا کہ عرب کی ملکہ نے کائنات کے سردار پر اپنی دولت وارفتگی سے لٹائی، آپؑ فرمایا کرتی تھیں کہ کاش میرے پاس اور دولت ہوتی تو میں اسلام اور بانی اسلام پر لٹاتی رہتی، تاکہ اسلام زیادہ سے زیادہ پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ جناب خدیجہؑ نے جب حضور اکرمؐ کو اپنا شریک حیات چن لیا، تو اہل عرب اور حاسدین اس گھرانے کے خلاف ہوگئے، یہاں تک کہ حضورؐ کا اس شدت سے اقتصادی بائیکاٹ کیا کہ حضرت ابو طالبؑ اور ان کا گھرانہ یعنی سرور کائناتؐ اور سیدہ خدیجہؑ بھی کئی ماہ تک شعب ابی طالب میں محصور رہے اور اس محصوری کے دوران اپنے چچا اور اپنی رفیقہ حیات کی قربانی اور ساتھ دینے کو حضور اکرمؐ اکثر اوقات یاد فرماتے تھے۔

محدثہ رضا نے کہا کہ حضرت خدیجہؑ نے زمانے کو خاتون جنت (س) کی شکل میں تحفہ دیا اور اسلام و بانی اسلام کا تحفظ جان و مال لٹا کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ خدیجہ الکبریٰ (ص) ہر دور کی عورت کیلئے رہنماء، مثال اور نمونہ ہیں، گھر کے اندر رہنے والی خاتون ہو یا گھر سے باہر امور انجام دینے والی خاتون، ہر کسی کو بی بی خدیجہؑ کی سیرت سے رہنمائی ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت خدیجہؑ کا شمار تاریخ انسانیت کی ان عظیم خواتین میں ہوتا ہے، جنہوں نے انسانیت کی بقاء اور انسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی زندگی قربان کر دی، معاشرہ خصوصاً خواتین کو حضرت بی بی خدیجہؑ سے درس حاصل کرنا چاہیے، حضرت خدیجہؑ تمام اخلاقی فضائل و کمالات کی مالکہ تھیں، خواتین عالم کو چاہیے کہ انہیں اپنے لئے نمونہ عمل قرار دیں۔ سیکریٹری تعلیم و تربیت کا کہنا تھا کہ ملیکۃ العرب ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریؑ نے خواتین میں سب سے پہلے اسلام قبول کرکے اور تصدیق رسالت کرکے ایک دانشمند خاتون ہونے کا ثبوت دیا، پیغمبر اسلام نے ہمیشہ آپ کو ایک بافضیلت، متقی، مخلص خاتون بتایا کہ آپ ہر لحاظ سے کمالات کی مالک تھیں اور ہمیں آپ سے درس حاصل کرنا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 643670

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/643670/سیدہ-خدیجہ-الکبری-س-ہر-دور-کی-خواتین-کیلئے-رہنماء-مثال-اور-نمونہ-ہیں-محدثہ-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org