0
Tuesday 6 Jun 2017 16:45

سعودی عرب کیلئے پروازیں بند، سینکڑوں پاکستانی زائرین قطر میں پھنس گئے

سعودی عرب کیلئے پروازیں بند، سینکڑوں پاکستانی زائرین قطر میں پھنس گئے
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کی کابینہ کہا ہے کہ قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ مملکت کی جانب سے خود مختاری کے ان حقوق کا استعمال کرتے ہوئے کیا گیا، جن کی ضمانت بین الاقوامی قانونی نے دی ہے۔ اس کا مقصد مملکت کی قومی سلامتی کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے خطرات سے بچانا ہے۔ سعودی عرب کا فیصلہ کن اقدام گزشتہ برسوں میں دوحہ کے حکام کی جانب سے خفیہ اور اعلانیہ طور پر وسیع پیمانے پر کی جانے والی خلاف ورزیوں کا نتیجہ ہے۔ ان خلاف ورزیوں کا مقصد مملکت کی داخلی صفوں میں پھوٹ ڈالنا اور اشتعال انگیزی پھیلانا تھا تا کہ عوام ریاست کے خلاف نکلے اور اس کی خود مختاری کو نقصان پہنچے۔ اس کے علاوہ کئی دہشت گرد اور فرقہ ورانہ جماعتوں کو مکمل طور سپورٹ کیا گیا جس کا مقصد خطے کے استحکام کو نشانہ بنانا تھا۔ کابینہ نے اس موقف کو پھر سے دہرایا کہ مملکتِ سعودی عرب دوحہ میں حکام کی جانب سے دشمنانہ اقدامات سے قطع نظر ہر حال میں قطر کے عوام کی معاون رہے گی اور ان کے امن و استحکام کو سپورٹ کرتی رہے گی۔

دوسری جانب سعودی عرب اور قطر کے مابین کشیدگی کے باعث سینکڑوں پاکستانی قطر میں پھنس گئے ہیں۔ قطر کی پروازوں کیلئے سعودی سرحدیں بند ہونے کے باعث قطر ایئرویز سے عمرے پر جانے والے سیکڑوں پاکستانی معتمرین دوحہ ائیرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ پاکستانی زائرین کو دوحہ ائرپورٹ سے جدہ اور مدینہ روانہ ہونا تھا تاہم پرواز کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے وہ کئی گھنٹوں سے ائرپورٹ پر محصور ہیں۔ مسافروں میں بزرگ مرد وخواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کے حکام جدہ اور مدینے کی پروازوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کررہے۔ پی آئی اے کے سی ای او نیئرحیات نے محصور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پرواز قطر روانہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایئر لائن انتظامیہ کو سفارتی سطح پر رابطوں کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی کہا ہے کہ قطر میں پاکستانی سفارتخانہ قطر ایئر ویز اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے ۔سفارتخانے کو عمرہ زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دوحہ ائر پورٹ پر پھنسنے والے پاکستانی مسافروں میں سے 15 کا تعلق حیدر آباد سے جب کہ باقی مسافر ملک کے دیگر شہروں کے رہنے والے ہیں۔ سابق صدرآصف زرداری نے قطرمیں پاکستانیوں کی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ ترجیحی بنیاد پر اہل وطن کی وطن واپسی یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 643673
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش