0
Tuesday 6 Jun 2017 19:04
41 ممالک کا فوجی اتحاد دراصل امریکی اتحاد ہے، جسکا مقصد مسلمانوں کی تقسیم ہے

ملت تشیع کو پاکستانی اور شیعہ ہونیکی سزا دی جا رہی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

سعودی عرب نے قطر کی پروازوں پر پابندی لگا کر یہ ثابت کیا ہے کہ آل سعود امریکی تابعداری میں پیش پیش ہیں
ملت تشیع کو پاکستانی اور شیعہ ہونیکی سزا دی جا رہی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے وطن عزیز میں ملت تشیع کو پاکستانی اور شیعہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، کراچی، کوئٹہ اور پارا چنار ہمارے لئے مقتل بنے ہوئے ہیں، کوئٹہ کی معروف شاہراہ پر دو بہن بھائیوں کو شیعہ ہونے کے جرم میں سروں میں گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا، کراچی میں ہمارے نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ پھر شروع ہوگئی ہے، ہم نے ایک ایک دن میں سو سو جنازے اٹھائے ہیں، کوئٹہ میں حکومت اپنی رٹ منوانے میں ناکام ہوچکی ہے، وہاں سے غیر ملکیوں کو اغوا کیا جا رہا ہے، مزدور قتل کر دیئے جاتے ہیں، حکومتی کمزوری دہشتگردوں کے حوصلوں کی تقویت کا باعث ہے، اگر ضرب عضب، آپریشن ردالفساد اور نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوتا تو آج پاکستانی قوم کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، نیشنل ایکشن پلان کو مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیوں کیلئے حکومت نے اپنی ڈھال بنایا ہوا ہے، کسی ایک شہید کا کیس بھی فوجی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم دہشتگردی کا شکار ہیں، دوسری طرف حکومتی ادارے ملت تشیع کے نوجوانوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں، ان نوجوانوں کے خاندان انصاف کے متلاشی ہیں، حکمرانوں سے مطالبہ ہے کہ اس ظلم کو روکا جائے، اگر یہ نوجوان قصور وار ہیں تو انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے، حکومتی اداروں کی طرف سے اس طرح کسی کو حبس بے جا میں رکھنا غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ماں کا کردار ادا کرے، ہمارے بچے ہمیں واپس کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 41 ممالک کا اتحاد دراصل امریکی اتحاد ہے، جس کا مقصد مسلمانوں کی تقسیم ہے، یہ فرقہ وارانہ اتحاد امریکی و اسرائیلی مفادات کیلئے تشکیل دیا گیا ہے، جنرل (ر) راحیل شریف کا ایسے اتحاد کی سربراہی قبول کرنا پاکستان اور امت مسلمہ کے مفادات کے منافی ہے، انہیں واپس بلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی خوشنودی کیلئے قطر کا زمینی و فضائی محاصرہ کیا گیا ہے، آج تک اسرائیل کی پروازیں بند نہیں کی گئیں، لیکن سعودی عرب نے قطر کی پروازوں پر پابندی لگا کر یہ ثابت کیا ہے کہ آل سعود امریکی تابعداری میں پیش پیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت انتہائی متعصب ہے، یہ علاقہ سی پیک کی گزر گاہ ہے، یہاں کے لوگوں کیلئے دانستہ طور پر مسائل کھڑے کرکے علاقے کو انتشار کا شکار بنایا جا رہا ہے، جو سی پیک مخالفین اور بھارت کے حق میں ہے، علماء اور امن پسند افراد کو شیڈول فور میں ڈال کر حالات کو خرابی کی طرف لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو اقتصادی راہدری کیلئے مشکلات کھڑی کرے گی، ان حکمرانوں کے ان غیر قانونی ہتھکنڈوں کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج ظلم و بربریت کی المناک تاریخ رقم کر رہی ہے، پاکستانی حکومت کو کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے ایک روز پوری قوم کو لے کر سڑکوں پر آنا چاہیے، اس احتجاج میں سیاسی و دینی جماعتیں بھی شریک ہوں، تاکہ اقوام عالم پر بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی مظلومیت آشکار ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر حکومتی شخصیات کی طرف سے تحفظات اور الزامات دباؤ اور فرار کی کوشش ہے، پوری قوم عدلیہ اور جے آئی ٹی کیساتھ ہے اور پانامہ کیس کے شفاف نتائج کی منتظر ہے، نہال ہاشمی اور دیگر کردار ایک سکرپٹ کا حصہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 643696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش