0
Tuesday 6 Jun 2017 23:43

پاناما لیکس سے بچنے کیلئے نواز لیگ معتبر اداروں پر حملہ آور ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی سندھ

پاناما لیکس سے بچنے کیلئے نواز لیگ معتبر اداروں پر حملہ آور ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی سندھ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے ایک مکمل عوامی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ اور سندھ حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کو نظر انداز کیا گیا، نواز لیگ کا شیر ہمیشہ ملکی اداروں پر حملہ آور ہوا ہے، پاناما لیکس سے بچنے کیلئے نواز لیگ ملک کے معتبر اداروں پر حملہ آور ہو رہی ہے، 2018ء کے عام انتخابات میں ملک کی عوام پاناما لیگ کا احتساب کرے گی۔ پیپلز پارٹی سندھ کی ایگزیکیٹو کمیٹی کا اجلاس آج سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پی پی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وقار مہدی، نفیسہ شاہ، سینیٹر عاجز دھامراہ، سید ناصر حسین شاہ، مولا بخش چانڈیو، ڈاکٹر سکندر شورو، مکیش چاولا، مرتضیٰ وہاب، حمیرہ علوانی، عبدالواحد سومرو اور نعمان شیخ نے شرکت کی، اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی اور سیاسی امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ نواز لیگ نے ملکی اداروں پر حملہ کرنے کیلئے نہال ہاشمی کی تقریر اور بعد میں ان کے جعلی استعفیٰ کا ڈرامہ رچایا۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے وفاقی بجٹ میں سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کو نظر انداز کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ نواز حکومت نے پہلے ہی سندھ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کرکے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کی جانب سے معزز ایوان کے اراکین کو دھمکیاں دینے پر بھی کڑی تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ خواجہ اظہار کی دھمکیوں سے لگتا ہے کہ متحدہ پاکستان کے اندر موجود الطاف حسین کی روح باہر نکل رہی ہے۔ اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں پر حکومت سندھ کے اقدامات کو سراہا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ اگلے عام انتخابات میں مخالفین کو سندھ میں پیپلز پارٹی سے مقابلے کیلئے امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔
خبر کا کوڈ : 643765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش