QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سندھ کا اے ون گریڈ والے طلبہ کو ایک لاکھ روپے کی اسکالر شپ دینے کا اعلان

7 Jun 2017 04:16

کراچی میں پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے بورڈز کو میٹرک اور انٹر کے بچوں کی امتحانی فیس حکومت ادا کرے گی جس کے لئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں، اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 4 ارب 60 کروڑ روپے کا بجٹ ہے، جب کہ لڑکیوں کے وظیفے کے لئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میٹرک اور انٹر میں اے ون گریڈ لینے والے طلبہ کو فی کس ایک لاکھ روپے اسکالر شپ دی جائے گی۔ کراچی میں پوسٹ بجٹ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز تعلیم کے لئے مختص کئے ہیں، تعلیم کے بعد بجٹ میں دوسرے نمبر پر صحت اور پھر سیکورٹی کے لئے رقوم مختص کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ بجٹ میں تعلیم 20 فیصد یعنی 202 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے بورڈز کو میٹرک اور انٹر کے بچوں کی امتحانی فیس حکومت ادا کرے گی جس کے لئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں، اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 4 ارب 60 کروڑ روپے کا بجٹ ہے، جب کہ لڑکیوں کے وظیفے کے لئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے اس وقت 4 لاکھ بچے مستفید ہو رہے ہیں، جسے بڑھا کر 6 لاکھ کیا جائے گا اور اس کے لئے حکومت نے 8 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے لئے 103 ارب روپے رکھے گئے ہیں، انڈس اسپتال کی گرانٹ 50 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب کردی گئی ہے، جب کہ ایس آئی یو ٹی کی گرانٹ ساڑھے 4 ارب کر دی گئی ہے، این آئی سی وی ڈی (ادارہ امراض قلب) کی گرانٹ ایک ارب 80 کروڑ روپے سے بڑھا کر 5 ارب 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے، جس کے تحت لاڑکانہ اور ٹنڈو محمد خان میں 2 سیٹ لائٹ اسپتال بھی قائم کئے جائیں گے، این آئی سی وی ڈی دنیا میں سب سے زیادہ انجیو پلاسٹی کرنے والا اسپتال ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ اگلے سال کا ترقیاتی بجٹ 344 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 643803

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/643803/وزیراعلی-سندھ-کا-اے-ون-گریڈ-والے-طلبہ-کو-ایک-لاکھ-روپے-کی-اسکالر-شپ-دینے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org