0
Wednesday 7 Jun 2017 22:59

اصغریہ آرگنائزیشن کی مرقد امام خمینیؒ اور ایرانی پارلیمنٹ پر دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت

اصغریہ آرگنائزیشن کی مرقد امام خمینیؒ اور ایرانی پارلیمنٹ پر دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے تہران میں امام خمینیؒ کے مرقد اور ایرانی پارلیمنٹ میں دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسلامی ممالک کو غیر مستحکم کرنے اور اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے ان کے درمیان مسلسل دشمنی اور نفرت کے بیج بو رہا ہے، یہ حملہ آل سعود و امریکا کی ایران کے خلاف مشترکہ محاذ آرائی کا نتیجہ ہے، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ولی امر مسلمین حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اپنے مذمتی بیان میں فضل حسین اصغری نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے، پڑوسی مسلم ممالک سے مضبوط دوستانہ اور پائیدار تعلقات کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہونا چاہیئے، امریکا یا آل سعود کی خوشنودی حاصل کرنے کی بجائے ہمیں علاقائی تقاضوں اور قومی مفادات کو مقدم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصہ سے دہشتگردی کا شکار ہے، خطے میں امن کی کوششوں اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے بے مثال کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، ایران، افغانستان اور پاکستان کو دہشتگردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے پُرعزم طور پر مشترکہ انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، امن کوششوں میں تینوں ممالک کے مابین غیر مشروط باہمی تعاون ازحد ضروری ہے۔

فضل حسین اصغری نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنی بقا کیلئے یہود و نصاریٰ کے مقابلے میں یکجا ہونا پڑے گا، امریکا سے دوستی خود سے دشمنی کے مترادف ہے، جو بھی ملک اسلامی ملک امریکا کو دوست سمجھتا ہے، اسے ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا، عراق و افغانستان کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا واقعہ چاہے کسی بھی ملک میں ہو قابل مذمت ہے، دہشتگرد قوتیں عالمی امن کی دشمن ہیں، ان کا انجام عبرت ناک ہونا چاہیئے، ایران کے خلاف سعودی و امریکی اتحاد کا نقصان سوائے مسلمانوں کے اور کسی کو نہیں اٹھانا پڑے گا۔ مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں دہشتگردی کے خلاف آہنی دیوار ہے، مظلوم فلسطینی اور یمنیوں کی حمایت کے نتیجہ میں ایران پر امریکی سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے بزدلانہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ امریکا اور آل سعود کی پیداوار داعش اسلام کی حقیقی چہرہ کو مسخ کرنے کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کے خلاف نبردآزما طاقتوں پر بزدلانہ حملے کرنے میں مگن ہے، افغانستان، قطر اور ایران میں دہشتگردانہ حملے اور بدلتی صورتحال امریکی صدر ٹرمپ کی سعودی حکومت سے میل ملاقاتوں کا ہی نتیجہ ہے، انسانیت، شعور اور بصیرت کے نام پر پوری دنیا خصوصا عالم اسلام سے اپیل کرتے ہیں کہ شیطان بزرگ امریکا کے خلاف سب لوگ متحد ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 644074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش