QR CodeQR Code

ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل

7 Jun 2017 23:32

کراچی پریس کلب پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کیلئے رمضان المبارک میں ’’القدس کانفرنسز‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا، 16 رمضان کو کراچی، 20 رمضان کو کوئٹہ، 22 رمضان کو اسلام آباد سمیت ملتان اور لاہور میں کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی و رہنماء جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، مجلس وحدت مسلمین کے مولانا باقر زیدی، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی، پائیلر کے صدر کرامت علی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماء ازہر علی ہمدانی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فیصل شیخ، اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کیلئے رمضان المبارک میں ’’القدس کانفرنسز‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا، 16 رمضان کو کراچی، 20 رمضان کو کوئٹہ، 22 رمضان کو اسلام آباد سمیت ملتان اور لاہور میں کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور سول سوسائٹی سمیت انسانی حقوق کیلئے سرگرم عمل این جی اوز کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں جمعۃ الوداع یوم القدس کے موقع پر ایم اے جناح روڈ پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانیوالے صیہونی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

رہنماؤں نے کہا کہ مسلمان حکمران قبلہ اول کیلئے متحد ہو جائیں اور یاد رکھیں کہ امریکا او ر اس کی ناجائز اولاد اسرائیل نہ صرف مسلمانوں کے دشمن ہیں، بلکہ پوری دنیا کے امن کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القدس مسلم امہ کے اتحاد کا مرکز و محور ہے، تاہم مسلم دنیا کو چاہئیے کہ اپنا قبلہ امریکا کی بجائے قبلہ اول کی طرف کرے۔ انہوں نے امریکا کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی گروہوں کو دہشتگرد قرار دیئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد ہیں اور حیرت کی بات ہے کہ لاکھوں انسانوں کے قاتل امریکا اور اسرائیل آج فلسطینی مظلوموں کو دہشتگرد قرار دیکر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے اور فلسطینیوں کے ساتھ سیاسی و اخلاقی حمایت کی جائے۔ رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کی بھرپور سیاسی و اخلاقی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 644089

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/644089/ماہ-رمضان-کے-آخری-جمعہ-کو-ملک-بھر-میں-یوم-القدس-منایا-جائے-فلسطین-فاؤنڈیشن-پاکستان-کی-اپیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org