QR CodeQR Code

نواب لغاری کا اغواء، سیکرٹری داخلہ و دفاع کو ہائی کورٹ نے طلب کرلیا

8 Jun 2017 12:41

آصف زرداری کے قریبی ساتھی کی بازیابی کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں تفتیشی افسر نے کہا کہ مغوی ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تحویل میں ہے، یہ نہیں بتا سکتا کہ کس ادارے کی تحویل میں ہے، وقت دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سندھ حکومت کے سابق مشیر اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی نواب لغاری کے مبینہ اغوا کے معاملے پر سیکرٹری داخلہ اور دفاع کو ہر صورت طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے نواب لغاری کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کہا کہ مغوی ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تحویل میں ہے، یہ نہیں بتا سکتا کہ کس ادارے کی تحویل میں ہے، وقت دیا جائے تو آئندہ سماعت پر ادارے کی نشاندہی کردوں گا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے تفتیشی افسر کو مزید وقت دینے سے انکار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ میں نے شہریوں کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے، جس کی ہر صورت پاسداری کروں گا، مغوی کو ہر صورت بازیاب کرایا جائے۔ سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہوں، اگر مغوی بازیاب نہ ہوا تو سیکرٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع کے خلاف پرچہ دوں گا اور انہیں جیل بھجواؤں گا۔ واضح رہے کہ 5 اپریل کو اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں نواب علی لغاری کے قریبی عزیزرمضان لغاری کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 4 اپریل کو خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرنے والے چند افراد ان کے گھر آئے اور انہیں زبردستی گاڑی میں بیٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔


خبر کا کوڈ: 644235

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/644235/نواب-لغاری-کا-اغواء-سیکرٹری-داخلہ-دفاع-کو-ہائی-کورٹ-نے-طلب-کرلیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org