0
Saturday 10 Jun 2017 09:25
امریکہ خوش ہے کہ مسلمان اس سے اسلحہ خرید کر مسلمان کو مار رہا ہے

قطر سعودی تصادم کے پیچھے یہودی دماغ اور اسکا اصل مقصد اسرائیل کو محفوظ بنانا ہے، سراج الحق

کبھی لوگ مشکل کی گھڑی میں آسمان کیطرف دیکھتے تھے اور اب ہمارے حکمران واشنگٹن کیطرف دیکھتے ہیں
قطر سعودی تصادم کے پیچھے یہودی دماغ اور اسکا اصل مقصد اسرائیل کو محفوظ بنانا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ سے عالم اسلام کا نقشہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر گیا ہے، اس سارے کھیل کا فائدہ دشمن اور نقصان عالم اسلام کو ہوگا، پاکستان اور ترکی مل کر اس تنازع کو حل کرنے کی کوشش کریں، امریکہ خوش ہے کہ ہر مسلمان ملک اس سے اسلحہ خرید کر اپنے مسلمان بھائی کو مارنے کی تیاریاں کر رہا ہے، اس گھناؤنے کھیل کے پیچھے یہودی دماغ ہے اور اس کا اصل مقصد اسرائیل کو محفوظ بنانا ہے، اگر ہم نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا تو تباہی و بربادی سے بچنا مشکل ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں امریکی سرپرستی میں عالم اسلام کو تقسیم اور اُمت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کیلئے گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہیں اور امریکہ کے وارے نیارے ہیں، اس کا اسلحہ کا کاروبار خوب چمک رہا ہے، ہر مسلمان ملک اس سے اسلحہ خرید رہا ہے، امریکہ عالم اسلام کے وسائل، تیل، معدنیات اور سونے کے ذخائر پر قبضہ کرنے کیلئے مسلم ممالک کو تباہ کن جنگ کی آگ میں جھونک رہا ہے، پہلے وہ عراق کو 3 ٹکڑوں میں تقسیم کر چکا ہے، اب باقی مسلمان ممالک کو آپس میں الجھا کر ان کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے۔

سراج الحق نے کہا کبھی لوگ مشکل کی گھڑی میں آسمان کی طرف دیکھتے تھے اور اب ہمارے حکمران واشنگٹن کی طرف دیکھتے ہیں، امریکہ نے کئی خلیجی ممالک میں اپنے فوجی اڈے قائم کر رکھے ہیں، جہاں پورا ماحول مغربی ہے، مغربی تہذیب پھیلائی جا رہی ہے، امریکی فوجی مقامی لوگوں سے آقا و غلام کا سلوک روا رکھے ہوئے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ اس گھمبیر صورتحال سے نکلنے کیلئے ضروری ہے کہ امت کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھیں اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں، پاکستان عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت اور 20 کروڑ مسلمانوں کا ملک ہے اور عالم اسلام کی امیدوں کا مرکز ہے، اس لئے پاکستان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ترکی کیساتھ مل کر قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ کو حل کریں۔ انہوں نے کہا ایران عراق جنگ اور عراق کو گمراہ کرکے کویت پر حملے کیلئے اکسانا امریکی سازش تھی، امریکہ نے عراق پر حملہ کرکے 10 لاکھ مسلمانوں کا قتل عام کیا اور عراق کے تیل کے کنوؤں پر قبضہ کر لیا، لیکن خلیجی ممالک نے اس ساری صورتحال سے کوئی سبق نہیں لیا، جس کا فائدہ اٹھا کر امریکہ دوبارہ انہیں جنگ و جدل میں الجھا کر اپنا اسلحہ بیچنا اور اسلامی دنیا کے وسائل پر قابض ہونا چاہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 644654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش