QR CodeQR Code

امریکہ جانتا ہے کہ اسرائیل کی بقاء عالم اسلام کی کمزوری سے مشروط ہے

فوجی اتحاد اگر دہشتگردی کیخلاف ہوتا تو غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر خاموش نہ بیٹھتا، علامہ ناصر عباس

یہود و نصاریٰ مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، اس مقصد کی تکمیل کیلئے وہ اپنے مسلم خیر خواہوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں

10 Jun 2017 21:28

آئی آر سی لان کراچی میں کارکنان و صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو واضح کرنا ہوگا کہ وہ قبلہ اول پر غاصبانہ قبضہ کرنیوالوں کیساتھ ہیں یا ان قوتوں کیساتھ ہیں، جو بیت المقدس کی یہودی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر بننے والے اتحاد میں شامل تکفیری وہابی عناصر شیعہ و سنی بھائیوں میں تصادم چاہتے ہیں، جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ملک دشمن عناصر سی پیک منصوبوں کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، چینی باشندوں کا قتل انہی سازشوں کا حصہ ہے، داعش کالعدم مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر قومی سلامتی کو نقصان پہچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی، بلوچستان کا علاقہ مستونگ دہشتگردوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، جب تک اس پورے علاقے کا کومبنگ آپریشن نہیں کیا جاتا تب تک دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی آر سی لان کراچی میں کارکنان و صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر میں جعفریہ الائنس، ہیت آئمہ مساجد و علماء امامیہ، ذاکرین امامیہ، امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، پیام ولایت فاؤنڈیشن سمیت شہر قائد کی مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکی سعودی فوجی اتحاد میں شامل ہر ملک کی وابستگی اپنے مفادات سے جڑی ہوئی ہے، یہ اتحاد اگر دہشتگردی کے خلاف ہوتا تو غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر خاموش نہ بیٹھتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ جانتا ہے کہ اسرائیل کی بقاء عالم اسلام کی کمزوری سے مشروط ہے، یہود و نصاریٰ مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، اس مقصد کی تکمیل کیلئے وہ اپنے مسلم خیر خواہوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کو واضح کرنا ہوگا کہ وہ قبلہ اول پر غاصبانہ قبضہ کرنے والوں کے ساتھ ہیں یا ان قوتوں کے ساتھ ہیں، جو بیت المقدس کی یہودی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم القدس اسرائیل کے خلاف نفرت کے اظہار کا عالمی دن ہے، جسے دنیا بھر کے مسلمان مناتے ہیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی یوم القدس کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا، ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ 27 رمضان کو ملک بھر میں یوم القدس کے اجتماعات منعقد ہونگے، دنیا بھر کے مظلوموں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور قبلہ اوّل بیت المقدس کی صہیونیوں کے قبضہ سے آزادی کی جدوجہد کا عزم کیا جائے گا۔ اس موقع پر سابق سینیٹر علامہ عباس کملی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر دہشتگردی جاری ہے، مسلمانوں کے نام پر بننے والے اتحاد میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا جان چکی ہے کہ اہل تشیع دہشتگرد نہیں، بلکہ دہشتگردی کا شکار ہیں، عالمی سرمایہ دارانہ نظام دنیا کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے، دہشتگردی پھیلانے والے اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 644869

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/644869/فوجی-اتحاد-اگر-دہشتگردی-کیخلاف-ہوتا-غزہ-پر-اسرائیلی-جارحیت-اور-مقبوضہ-کشمیر-میں-بھارتی-بربریت-خاموش-نہ-بیٹھتا-علامہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org