QR CodeQR Code

حکمران جواب دیں کہ وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی جا رہی، انعام اللہ قادری

11 Apr 2011 02:45

اسلام ٹائمز: سنی تحریک الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ''ن'' کے خلاف بھرپور حصہ لے گی۔ قوم کو چاہئے کہ ملک پر مسلط کیے گئے چند خاندانوں کے سیاسی راج کو اب خاک میں ملا دے، صوبائی صدر سنی تحریک خیبر پختونخوا


پشاور:اسلام ٹائمز۔خیبر پختونخواہ سنی تحریک کے صوبائی صدر انعام اللہ قادری نے کہا ہے کہ حکمران قوم کو جواب دیں کہ وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی جا رہی؟ صوبائی وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے بیان سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہئے۔ مزارات اولیاء اللہ پر دہشتگردی میں مرکزی اور صوبائی حکومتیں براہ راست ملوث ہیں۔ حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ ملک و قوم کو دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری اور فرقہ واریت کی دلدل میں ڈالنے والی سیاسی جماعتوں کا محاسبہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رات 17 اپریل کو لاہور مینار پاکستان میں ہونے والی استحکام پاکستان کی تیاریوں کے حوالہ سے منعقد ہونے والے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 انعام اللہ قادری نے کہا کہ سنی تحریک آئندہ عام انتخابات میں دہشت گردوں اور یہود و نصاریٰ کے ایجنٹ سیاستدانوں کا مکمل طور پر گھیراو کرے گی۔ قوم کو چاہئے کہ ملک پر مسلط کیے گئے چند خاندانوں کے سیاسی راج کو اب خاک میں ملا دے۔ سنی تحریک کے پلیٹ فارم سے وکلاء، ڈاکٹرز، علماء، مشائخ اور نوجوان طلبہ کو بھرپور طریقہ سے شمولیت اختیار کرنا چاہئے۔ انعام اللہ قادری نے کہا کہ سنی تحریک ملک کے 98 فیصد متوسط طبقہ کو عملی سیاست میں اس کا حقیقی مقام دلائے گی۔ آزاد عدلیہ اور آزادی صحافت میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جا سکتی۔ کارکنان سنی تحریک عوامی مسائل حل کروانے میں اپنے تمام  ذرائع استعمال میں لائیں۔ اجلاس میں سنی تحریک کے ضلعی صدر قاری سمیع اللہ، رابطہ کمیٹی کے اراکین اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 64487

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/64487/حکمران-جواب-دیں-کہ-وزیرستان-میں-دہشت-گردوں-کے-خلاف-کاروائی-کیوں-نہیں-کی-جا-رہی-انعام-اللہ-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org