QR CodeQR Code

اسٹیل ملز کا خسارہ 70 ارب سے زائد، نجکاری اور لیز پر دینے میں مشکلات بڑھ گئیں

13 Jun 2017 04:02

مل 2 سال سے بند ہے، بجلی و گیس کی مد میں 50 ارب کی نادہندہ ہے، خسارے میں اضافہ ہورہا ہے، تنخواہوں و پنشن کی مد میں بھی ادائیگی کا معاملہ التواء کا شکار ہے، نجکاری ڈویژن نے آئی ایم ایف کی ہدایت پر اسٹیل ملز کی نجکاری میں تعاون کیلئے حکومت سندھ کو درخواست کردی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان اسٹیل ملز کا خسارہ 70 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے بعد ادارے کی نجکاری اور لیز پر دینے کے لئے مشکلات بڑھ گئی ہیں، نجکاری ڈویژن نے آئی ایم ایف کی ہدایت پر اسٹیل ملز کی نجکاری میں تعاون کیلئے حکومت سندھ کو درخواست کردی ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار نے اسٹیل مل کو لیز پر دینے یا نجکاری کرنے کیلئے نجکاری ڈویژن کو اختیارات دینے کی تجویز دے دی، پاکستان اسٹیل ملز کے خسارے میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور رواں ماہ تک پاکستان اسٹیل کا خسارہ 70 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے، اسٹیل ملز تقریبا 2 سال سے بند پڑی ہے اور بجلی اور گیس کی مد میں 50 ارب کی نادہندہ ہے، جبکہ وفاقی حکومت تنخواہوں اور پنشن کی مد میں ماہانہ 22 کروڑ روپے ادا کر رہی ہے، وفاقی حکومت نے گزشتہ سال پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کرنے یا مختلف کمپنیوں کے کنسورشیم کو 20 سال تک لیز پر دینے کی تجاویز تیار کی تھیں، جس کیلئے مختلف پاکستانی، چینی، روسی اور جاپانی کمپنیوں سے بات چیت ہوئی تھی، تاہم حکومت سندھ نے اسٹیل ملز کی زمین کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کو فروخت کرنے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد اسٹیل ملز کی نجکاری یا لیز پر دینے کا معاملہ التواء کا شکار ہوگیا۔ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ہدایت پر جون تک بجٹ خسارہ کم کرنے کیلئے اسٹیل ملز کی نجکاری یا لیز کا فیصلہ کیا اور وفاقی سیکریٹری محسن ایس حقانی کو 26 اپریل کو اسٹیل ملز کی نجکاری تک چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کیا ہے، تاہم ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود اسٹیل ملز کی نجکاری و لیز کامعاملہ حل نہیں ہورہا ہے اور خسارے میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 645487

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/645487/اسٹیل-ملز-کا-خسارہ-70-ارب-سے-زائد-نجکاری-اور-لیز-پر-دینے-میں-مشکلات-بڑھ-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org