0
Tuesday 13 Jun 2017 04:14

کراچی، سندھ حکومت کا اورنج لائن بس اکتوبر سے چلانے کا فیصلہ

کراچی، سندھ حکومت کا اورنج لائن بس اکتوبر سے چلانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے اورنج لائن بس کا آغاز رواں برس اکتوبر سے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ بس منصوبہ اورنگی ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن سے شروع ہوگا اور بورڈ آفس ناظم آباد پر گرین بس لائن سے آکر ملے گا۔ دوسری جانب گرین لائن بس منصوبہ اس منصوبے کے 2 ماہ بعد شروع ہو سکے گا۔ اورنج لائن کے مسافروں کو گرین لائن میں سفر کرنے کے لئے مزید دو ماہ یعنی دسمبر تک انتظار کرنا پڑیگا، اورنج لائن بس ناگن چورنگی بھی جائے گی، واضح رہے کہ اورنج لائن بس منصوبے کو معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرکے ایدھی بس لائن کا نام دیا گیا تھا، جبکہ ایدھی بس لائن ڈپو تین ایکڑ کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے، جس میں 35 بسوں کو پارک کرنے کی سہولت حاصل ہوگی، منصوبے کے تحت چار کلومیٹر پر مشتمل ایدھی بس لائن کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جارہا ہے، منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام پہلے ہی شروع کیا جا چکا تھا، اب تک اس منصوبے پر 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ڈی جی ماس ٹرانزٹ محمد اطہر نے اس حوالے سے بتایا کہ مشکل مرحلہ حل کرلیا گیا ہے اور اب انتہائی تیزی سے کام جاری ہے، قوی امید ہے کہ رواں برس اکتوبر میں اس بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کراچی کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں کے شہریوں کیلئے مختلف روٹس پر معیاری بسوں کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، اس سے شہر کی ترقی کی کوششوں میں واضح تبدیلی نظر آئے گی اور کراچی میں ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔ ایدھی بس لائن منصوبے پر ایک ارب انیس کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن اورنگی سے ایدھی بس لائن کا روٹ شروع ہوگا جو باچا خان برج، عبداللہ کالج، اورنگی نمبر 5 اور پونے پانچ عبداللہ کالج کے راستے بورڈ آفس پر اختتام پذیر ہوگا اور سرجانی سے آنے والے گرین بس منصوبے سے ملے گا۔ اس روٹ پر پچاس ہزار روزانہ سے زائد مسافروں کو سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بس ریپڈ ٹرانزٹ کے تحت چلنے والی بسوں میں سینئر سٹی زنز، طلبہ، صحافیوں کو خصوصی رعایت دے گی۔ ان بسوں میں سفر کرنے والوں کے لئے ماہانہ کی بنیاد پر کارڈ کے اجراء کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 645488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش