QR CodeQR Code

دہشتگردوں کے باطل نظریات کو عوام مسترد کر چکے ہیں، ثروت اعجاز قادری

13 Jun 2017 19:34

کراچی میں اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ ظلم کے سیاہ بادل ہٹانے اور روشن مستقبل کیلئے اخوت و بھائی چارگی کو فروغ دینا ہوگا، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام اکائیوں کو متحد و منظم ہونا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ظلم کے سیاہ بادل ہٹانے اور روشن مستقبل کیلئے اخوت و بھائی چارگی کو فروغ دینا ہوگا، حکمرانوں نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے، دہشتگردوں کے باطل نظریات کو عوام مسترد کر چکے ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مستحقین میں راشن کی تقسیم کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ماہ صیام رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، روزہ تزکیہ نفس اور صبر و برداشت کا درس دیتا ہے، ظلم کے سیاہ بادل ہٹانے اور روشن مستقبل کیلئے اخوت و بھائی چارگی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جب بنیادی حقوق نہیں ملیں گے تو عوام سڑکوں پر مجبور ہو کر نکلیں گے، صحت، تعلیم، خوراک سے پریشان مظلوم عوام کی ثنوائی تک نہیں ہوتی، سرمایہ دارانہ، وڈیرانہ نظام کا خاتمہ کرکے ہی عوام کو بنیادی حقوق میسر ہو سکتے ہیں، حکمرانوں نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بلند بانگ دعوئے کرنے والے لوڈشیڈنگ تو دور عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی نہیں بنا سکے، ماہ رمضان مبارک میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پرائز کنٹرول اور ضلعی انتظامیہ کے بلند بانگ دعوے دھرے رہ گئے، صوبائی حکومت عوام کو ریلیف دینے سمیت پھلوں، سبزیوں میں ہوشربا اضافے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو غیر مستحکم ہونے نہیں دینگے، حکمران آمرانہ روش بدل کر جمہوری سوچ اپنائیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے باطل نظریات کو عوام مسترد کر چکے ہیں، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام اکائیوں کو متحد و منظم ہونا ہوگا، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، یہود و نصاریٰ اسلام کے قلعے کو کمزور کرنے کے درپے ہیں، محب وطن عوام یہود و نصاریٰ کی ہر سازش کو اپنے شعور سے ناکام بنا دینگے۔ سربراہ پی ایس ٹی نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حالت جنگ میں ہے، ملک کا ایک ایک فرد فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔


خبر کا کوڈ: 645688

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/645688/دہشتگردوں-کے-باطل-نظریات-کو-عوام-مسترد-کر-چکے-ہیں-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org