0
Thursday 15 Jun 2017 17:00

صومالیہ، دارالحکومت میں خودکش حملے اور فائرنگ، 19 افراد ہلاک، 27 زخمی

صومالیہ، دارالحکومت میں خودکش حملے اور فائرنگ، 19 افراد ہلاک، 27 زخمی
اسلام ٹائمز۔ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہوٹل اور پیزا ریسٹورینٹ پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 27 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک خودکش حملہ آور نے مشہور ہوٹل کے باہر بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑادی، جس کے بعد فوجی وردیوں میں ملبوس پانچ حملہ آوروں نے اسی علاقے میں پیزا ریسٹورینٹ میں گھس کر 20 افراد کو یرغمال بنالیا۔ سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس میں تمام پانچوں حملہ آور مارے گئے۔ موغادیشو کے ڈپٹی پولیس چیف نے واقعے میں ایک شامی شہری سمیت 19 افراد کے ہلاک جب کہ 27 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے تاہم کار بم حملے میں ہوٹل کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب صومالیہ میں سرگرم القاعدہ سے منسلک تنظیم الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سرکاری ملازمین اور فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی جنگی طیاروں نے صومالیہ میں الشباب کے ٹھکانے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 646205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش