0
Thursday 15 Jun 2017 17:20

کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم لشکر جھنگوی کے 2 خطرناک قیدی فرار

کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم لشکر جھنگوی کے 2 خطرناک قیدی فرار
اسلام ٹائمز۔ سینٹرل جیل کراچی سے کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی کے 2 خطرناک قیدی فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ ایک خاتون نے جیل کی دیوار پھلانگنے کی کوشش کی، لیکن حکام کی آنکھیں نہ کھلیں، گزشتہ دنوں سینٹرل جیل میں قید کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی کے 2 خطرناک قیدی جیل سے فرار ہوگئے، سریا کاٹ کر نیو کورٹ بلڈنگ سے فرار ہونے والے قیدیوں میں شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا شامل ہیں۔ جیل حکام کے مطابق قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ منگل کی رات پیش آیا، دونوں قیدی جیل توڑ کر فرار ہوئے، تاہم قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کیلئے اُن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ دونوں قیدی سینٹرل جیل میں قائم جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کیلئے آئے تھے۔ دہشتگرد شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013ء میں سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا۔

دونوں دہشتگرد فرقہ وارانہ قتل اور پولیس پر حملوں میں ملوث تھے۔ احمد منا کو ایک کیس میں دس سال قید کی سزا بھی ہو چکی تھی۔ قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پر صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات کے حکم پر سینٹرل جیل پولیس کے 12 اہلکاروں کو گرفتار کرکے لاک اپ کر دیا گیا، ان میں جیل سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ بھی شامل ہیں۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات کی مدعیت میں دہشتگردوں اور جیل کے 12 اہلکاروں کے خلاف نیو ٹاؤن تھانے میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سینٹرل جیل میں گزشتہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سیکیورٹی اقدامات کے جائزہ کیلئے ریہرسل بھی کی گئی تھی، لیکن اس کے ایک ہی دن بعد خطرناک قیدیوں کے فرار نے سیکیورٹی اقدامات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 646214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش