0
Thursday 15 Jun 2017 19:05

بٹگرام، متاثرین سی پیک کا مطالبات کی منظوری کیبعد تعمیراتی کام کھولنے کا اعلان

بٹگرام، متاثرین سی پیک کا مطالبات کی منظوری کیبعد تعمیراتی کام کھولنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ بٹگرام میں سی پیک منصوبے سے متاثرہ افراد نے انتظامیہ کی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی پر تعمیراتی کام کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بٹگرام کے علاقہ دیشانی کے سینکڑوں افراد نے گجبوڑی میں سی پیک پر جاری کام بند کر دیا تھا، متاثرین مطالبہ کر رہے تھے کہ ان کی زمینوں، مکانات اور زرعی اراضی جو کہ کمرشل ایریا میں آ رہے ہیں، ان کا معاوضہ بھی کمرشل ریٹ کے مطابق جیسا کہ مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں دیا گیا ہے دیا جائے، جن غریب لوگوں کے مکانات سی پیک سے متاثر ہو رہے ہیں، ان کیلئے رہائش کا بندوبست بھی کیا جائے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے آفس میں متاثرین سی پیک کے ساتھ ایک جرگہ منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ناظم عطاءالرحمٰن خان، لینڈ ایکویزیشن کلکٹر سی پیک مدثر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے  تنویر کے علاوہ دیگر معززین علاقہ اور سی پیک کے متاثرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر متاثرین کا کہنا تھا کہ وہ سی پیک جیسے تاریخی اور عظیم الشان منصوبے کی تعمیر اور اس کی افادیت سے ناواقف نہیں، لیکن غریب عوام کو بے گھر کرنا بھی حکومت کی پالیسی نہیں ہونی چاہیئے۔

سی پیک ناصرف ملک پاکستان بلکہ اس خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے ہے، بٹگرام کی عوام بھی دیگر لوگوں کی طرح اس کی جلد از جلد تکمیل چاہتی ہے، تاکہ ہمارا ملک پاکستان ترقی کی نئے منازل طے کرتے ہوئے دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں شامل ہوسکے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سردار اسد ہارون کا کہنا تھا کہ متاثرین سی پیک کے تمام جائز مطالبات مانے جائیں گے، جبکہ کمرشل ریٹ کے لئے سی اینڈ ڈبلیو ریٹ فراہم کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے کو کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے بٹگرام میں دفتر قائم کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ایل اے سی اور سی پیک کو متاثرین کے معاوضے جلد از جلد فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے اور کہا کہ متاثرین سی پیک کی ہر ایک شے جو کہ سی پیک کے راستے میں آتی ہے، اس کا معاوضہ دیا جائے گا، لیکن عوام ضلعی انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے سی پیک کے تعمیراتی کام کو کسی صورت بند نہ کریں، کیونکہ ملک دشمنوں کو اس طرح کرنے سے خوشی ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تسلی بخش جواب کے بعد متاثرین سی پیک نے یہ اعلان کیا کہ آج کے بعد وہ سی پیک کے تعمیراتی کام کو بند نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 646246
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش