0
Friday 16 Jun 2017 23:58

امیرالمومین حضرت علیؑ کی تعلیمات و دور اقتدار مسلم امہ و حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، ثروت اعجاز قادری

امیرالمومین حضرت علیؑ کی تعلیمات و دور اقتدار مسلم امہ و حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے عدل کی بالادستی اور اعلی انسانی اقدار کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی، دین اسلام کی سربلندی، عدل و مساوات کا قیام اور انسانی اقدار کا تحفظ آپ کی زندگی کا نصب العین تھا، حضرت علیؑ نے خلافت کے منصب پر فائز ہو کر ثابت کر دیا کہ کسی بھی قسم کا نظام حکومت اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا، جب تک اس کی بنیادوں میں جذبہ ایثار و قربانی اور عدالت قائم نہ ہو، ورنہ امن و امان منقود ہوگا، فتنہ و فساد کا بازار گرم ہوگا، حکمران حضرت علیؑ کے فلسفے پر چلتے ہوئے فیصلے کریں اور ایثار و قربانی کے جذبے کو اختیار کریں، تو ملک سے دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کے ساتھ ملک مستحکم ہونے کی طرف گامزن ہوگا، ملک میں بدامنی کی اہم وجہ حکمرانوں کے قول و فعل میں تضاد اور ایثار و قربانی کا جذبہ دیکھنے میں نہیں آتا، حضرت علیؑ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت علیؑ کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دربار رسالتﷺ سے حضرت علیؑ کو باب العلم کا خطاب عطا ہوا، سرکار دو عالمﷺ نے آپؑ کو بہتر فیصلے کرنے والا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ کی زندگی مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے، آپ نے اللہ عزوجل اور اسکے حبیب حضرت محمد مصطفیﷺ کی خوشنودی میں زندگی گزاری اور اسی راہ میں اپنی جان قربان کر دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت کو شعار بنا کر ہی احساس محرومی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، حکمران عوام کو مسائل کی دلدل سے نجات دلانے کیلئے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کریں، زکواۃ کے نظام کو شفاف بنایا جائے، تاکہ حق دار کو اس کا حق مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت علیؑ کی تعلیمات و دور اقتدار مسلم امہ و حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 646535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش