0
Saturday 17 Jun 2017 18:30

بلوچستان میگا کرپشن کیس، مشتاق رئیسانی کی پلی بارگین کی درخواست مسترد

بلوچستان میگا کرپشن کیس، مشتاق رئیسانی کی پلی بارگین کی درخواست مسترد
اسلام ٹائمز۔ احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج عبدالمجید ناصر نے لوکل گورنمنٹ فنڈز خورد برد کیس میں نیب کی جانب سے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بارگین کے لئے جمع کرائی گئی درخواست نیب ہی کی درخواست پر خارج کر دی۔ اس سلسلے میں نیب حکام کی جانب سے ایک ہفتہ پہلے درخواست احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی تھی۔ جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب کی جانب سے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بارگین سے متعلق جمع کرائی گئی درخواست خا رج کر دی جائے۔ گذشتہ روز لوکل گورنمنٹ فنڈز خورد برد کیس کی سماعت کے موقع پر سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو، سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا، جبکہ دیگر ملزمان میں ایک کی جانب سے پیشی سے استثنٰی کی درخواست پیش کی گئی، جبکہ ایک ملزم بر ضمانت سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوا۔ اس موقع پر استغاثہ کے گواہ ایڈمنسٹریٹر خالق آباد میر اسد خان عدالت میں پیش ہوئے۔ تاہم بوجہ غیر حاضری وکلا ء ان کا بیان قلمبند نہ ہوسکا۔ سماعت کے دوران عدالت نے نیب کی ہی درخواست پر سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بارگین کے لئے جمع کرائی گئی درخواست خارج کرنے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کی جانب سے جائیداد اور برآمد شدہ رقوم سرنڈر کرنے کے بعد نیب کی جانب سے احتساب عدالت کے سامنے ان کی پلی بارگین سے متعلق درخواست پیش کی گئی۔ جس کے بعد اس سلسلے میں عدالت عظمٰی کی جانب سے بھی پلی بارگین سے متعلق احکامات دیئے گئے، بلکہ نیب نے مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بارگین سے متعلق درخواست واپس لینے کے لئے نیب عدالت کوئٹہ ون کے پاس ایک اور درخواست دائر کی۔ جس میں کہا گیا تھا کہ مشتاق احمد رئیسانی کی پلی بارگین کے لئے جمع کرائی گئی درخواست کو خارج کیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت کو 21 جون تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے گواہ استغاثہ کو ہدایت کی کہ وہ اگلی سماعت پر پیش ہوں۔
خبر کا کوڈ : 646723
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش