0
Sunday 18 Jun 2017 08:52

شرعی احکامات کے مطابق دولت کمانا مستحسن عمل ہے، شرعی اعلامیہ

شرعی احکامات کے مطابق دولت کمانا مستحسن عمل ہے، شرعی اعلامیہ
اسلام ٹائمز۔ دولت اور اولاد نعمت ہونے کیساتھ ساتھ آزمائش بھی ہیں، دولت کا ناجائز استعمال اور اولاد کی قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق تربیت نہ کرنا تباہ کن ثابت ہوتا ہے اور اس کے نقصان دہ اثرات ایک سے زیادہ نسلوں تک چلتے ہیں، اس لئے انسان کو ان دونوں معاملات میں احتیاط برتنی چاہئے تاکہ دنیا اور آخرت میں مشکل پیش نہ آئے۔ ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن ”اسلام اور میری زندگی“ بعنوان ”دولت اور اولاد“ کے موضوع میں علمائے کرام نے شرعی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کیا جن علماء کرام نے شرعی اعلامیہ جاری کیا ان میں علامہ محمد حسین اکبر، مولانا سرفراز احمد اعوان، مولانا محمد ایوب اور مفتی مسعود الرحمن شامل تھے۔ میزبان پروگرام محمد ضیاءالحق نقشبندی نے کہا کہ شرعی احکامات کے مطابق کاروبار یا ملازمت کرکے دولت کمانا مستحسن عمل ہے اور اس میں کوئی ممانعت نہیں، حلال طریقے سے کمائی ہوئی دولت کا جائز طریقے سے استعمال بھی ضروری ہے، دولت کا غلط اور غیر شرعی استعمال وبال بنتا ہے اور انسان کو بربادی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ علمائے کرام نے کہاکہ حرام اور ناجائز طریقوں سے کمائی ہوئی دولت آخرت میں انسان کیلئے درد ناک عذاب کا سبب بنتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کتاب انقلاب قرآن حکیم میں ناجائز طریقوں سے دولت جمع کرنیوالوں کے عبرتناک انجام کے کئی واقعات موجود ہیں۔ قارون کی دولت اس کے کام نہ آئی اور آخر کار اس کا برا انجام ہوا۔ علماءکرام نے کہاکہ اولاد دولت سے بڑی نعمت ہے اور اس کی ذمہ داریاں بھی اتنی ہی زیادہ ہیں، اولاد کو اچھی تربیت دینا نیک اور بہتر انسان بنانا، ملک اور معاشرہ کیلئے فائدہ مند شہری بنانا یقینی طور پر والدین کی ذمہ داری ہے، ایسی عمدہ اخلاقی بنیادوں پر اولاد کی تربیت کی جائے کہ وہ دوسروں کیلئے برکت اور رحمت کا باعث بنے نہ کہ زحمت اور تکلیف کا باعث بنے۔ انہوں نے کہاکہ اگر والدین امیر، خوشحال اور دولت مند ہیں تو انہیں چاہئے کہ اولاد میں دولت کی منصفانہ تقسیم کریں اور ساتھ ہی اولاد کی رہنمائی بھی کریں کہ وہ دولت کا فضول خرچ کرکے اپنے اوپر مشکلات طاری نہ کرلیں۔ اسلام ہر سطح پر ان کیلئے آسانیاں پیدا کرتا ہے مگر انسان خود غلط فیصلوں اور ناقص منصوبہ بندی سے اپنے لئے سنگین مسائل پیدا کرلیتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 646850
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش