QR CodeQR Code

پاراچنار،بارودی سرنگ دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 12 زخمی

12 Apr 2011 12:02

اسلام ٹائمز:دھماکے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ اس گاوں کا واحد مبلغ مولانا رحمت علی، گاڑی کا ڈرائیور محمد حسن اور نور ولی موقع پر شہید ہو گئے۔ جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد شدید زخمی ہو گئے


پاراچنار:اسلام ٹائمز۔ اپر کرم ایجنسی کے علاقے کیناکئے میں مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں۔
پیر کو پاراچنار شہر سے کوئی 12 کلومیٹر مشرق میں واقع بوغاکی کے قریب گاوں کیناکئے سے ایک پک اپ گاڑی سواریوں کو لے کر پاراچنار کے لئے روانہ ہوئی تو کچی سڑک پر نامعلوم تخریب کاروں کی جانب سے بچھائی گئی انٹی ٹینک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ اس گاوں کا واحد مبلغ مولانا رحمت علی، گاڑی کا ڈرائیور محمد حسن اور نور ولی موقع پر شہید ہوگئے۔ جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد شدید زخمی ہوگئے، جن کو فوری طور پر ایجنسی ھیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا جہاں پر بعض کی حالت خطرناک بتائی جاتی ہے۔ 
زخمیوں میں یوسف علی، منصف علی، زوجہ منصف علی، پسر منصف علی، دختر منصف علی، عرب علی، رحمت علی، میر محمد، شربت علی، مومن علی، تاجر حسین، نبی حسین اور گل وزیر شامل ہیں۔ پولیٹیکل حکام نے مقدمہ درج کرکے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یاد رہے لوئر کرم اور وسطی کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں خصوصاً حکومتی طالبان کے حقانی گروپ اور فضل سعید وغیرہ نے اپنی کاروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ آئے روز مختلف علاقوں سے لوگوں کو اغوا اور قتل کیا جا رہا ہے اور مختلف علاقوں میں دھماکے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹل پاراچنار روڈ بھی گزشتہ 18 دنوں سے ٹریفک کے لئے بند ہے اور لاکھوں قبائلی محصور ہو کر شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔ علاقے میں اشیائے خورد ونوش کی شدید قلت  پائی جاتی ہے۔ خطرناک مریضوں کو پشاور یا دوسرے بڑے ہسپتال میں پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کے قبائل نے شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 64701

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/64701/پاراچنار-بارودی-سرنگ-دھماکہ-3-افراد-جاں-بحق-12-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org