0
Tuesday 12 Apr 2011 12:25

آئی ایس آئی کے سربراہ کی لیون پینیٹا سے ملاقات، سی آئی اے اہلکار کم اور ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ

آئی ایس آئی کے سربراہ کی لیون پینیٹا سے ملاقات، سی آئی اے اہلکار کم اور ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ
نیویارک:اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے امریکہ سے ڈرون حملے اور ملک میں سی آئی اے کے آپریشنز فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے امریکی سی آئی اے کے سربراہ لیون پینیٹا سے اہم ملاقات کی ہے۔ معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان نے ملک میں موجود سی آئی اے افسران، کنٹریکٹرز اور اسپیشل آپریشنز فورسز کے تمام تین سو پینتیس اہلکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں اور ان میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈرون حملے فوری طور پر روکے جائیں۔
دوسری جانب آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے امریکی سی آئی اے کے سربراہ لیون پینیٹا سے اہم ملاقات کی ہے۔ ریاست ورجینیا کے شہر لینگلے میں واقع سی آئی ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں آئی ایس آئی کے سربراہ نے اپنے امریکی ہم منصب سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں سی آئی اے آپریشنز کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔ دونوں سربراہان نے ریمنڈ ڈیوس تنازع اور قبائلی علاقوں میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں بےگناہ پاکستانیوں کی ہلاکتوں کے بعد باہمی تعلقات میں پیدا ہونے والی خلیج دور کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سی آئی اے کے ترجمان پرسٹن گولسن نے برطانوی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ ملاقات مثبت اور تعمیری رہی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے تعلقات تاحال انتہائی مضبوط ہیں۔ 
نیو یارک ٹائمز کے مطابق پاکستان نے امریکا سے سی آئی اے آفیسر، کنٹریکٹرز اور اسپیشل فورسز کی تعداد میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے اہلکاروں کی کمی کا مطالبہ آرمی چیف کی جانب سے کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریمنڈ ڈیوس سمیت ایسے تمام سی آئی اے کنٹریکٹرز کو پاکستان سے نکالے جو پاکستان میں یکطرفہ کارروائیوں میں مصروف ہیں اور جن کے بارے میں پاکستان کو علم نہیں۔ ایک اور اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق پاکستان نے سی آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرون حملے بند کیے جائیں۔ اخبار کے مطابق پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ دو ہزار آٹھ کے بعد ڈرون حملوں سے عام شہریوں کی ہلاکت میں اضافہ ہوا ہے۔

خبر کا کوڈ : 64720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش