0
Monday 19 Jun 2017 01:22
گذشتہ 38 سال سے امریکی حکام ایران میں نظام کی تبدیلی چاہتے تھے، مگر وہ ہر بار اپنے عزائم میں ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام ہوتے رہینگے

امریکی حکام ہرگز ایرانی قوم کیخلاف اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے، ایرانی عوام اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینگے، رہبر انقلاب اسلامی

امریکی حکام کی ہرزہ سرائی کوئی نئی بات نہیں، ایرانی قوم کے دشمن ملک و عوام کیخلاف کسی بھی طرح کی غلطی کرنیکی طاقت و صلاحیت نہیں رکھتے
امریکی حکام  ہرگز ایرانی قوم کیخلاف اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے، ایرانی عوام اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینگے، رہبر انقلاب اسلامی
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی حکام اسلامی انقلاب کی کامیابی کے شروع سے ملک میں اسلامی جمہوری نظام کی تبدیلی چاہتے تھے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گذشتہ روز تہران میں سرحدی سکیورٹی اہلکاروں اور مدافعین حرم کے نام سے موسوم اہلیبت علیہم السلام کے روضوں کی حفاظت کرنے والے رضاکاروں میں سے بعض شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ایرانی عوام دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکی حکام اسلامی انقلاب کی کامیابی کے شروع سے ملک میں اسلامی جمہوری نظام کی تبدیلی چاہتے تھے، مگر وہ ایرانی قوم کو شکست نہ دے سکے اور یہ ایرانی قوم ہی ہے جو انہیں شکست دے گی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکیوں کی حالیہ ایران مخالف ہرزہ سرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام جان لیں کہ وہ ہرگز ایرانی قوم کے خلاف اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے بلکہ ایرانی عوام اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کے باوجود وطن عزیز میں اسلامی انقلاب قائم و دائم ہے، امریکی حکام کی ہرزہ سرائی کوئی نئی بات نہیں اور ایرانی قوم کے دشمن ملک اور عوام کے خلاف کسی بھی طرح کی غلطی کرنے کی طاقت و صلاحیت نہیں رکھتے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا پودا جب بالکل ہی نیا اور کمزور تھا، اس وقت امریکہ نے اس پودے کو اکھاڑنے کی بہت کوشش کی، لیکن وہ کچھ نہیں کر سکا، آج انقلاب اسلامی کا یہ پودا ایک تناور درخت میں تبدیل ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 38 سال سے امریکی حکام ایران میں نظام کی تبدیلی چاہتے تھے، مگر وہ ہر بار اپنے عزائم میں ناکام ٓرہے اور آئندہ بھی ناکام ہوتے رہیں گے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ وائٹ ہاوس کے نئے حکام ناتجربہ کار اور غیر پیشہ ور ہیں اور یہ ناتجربہ کار حکام  اسلامی انقلاب کی کامیابی کے شروع سے ہی اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کو ختم کرنے کی کوشش میں تھے اور ہیں اور جو اس قسم کی خواہش رکھتے تھے، وہ اپنی اس خواہش کو قبر میں لے گئے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے اس ملاقات میں شہداء کی جاں فشانیوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں امن و امان کی بہتر صورتحال سرحدی فورسز اور مدافعان حرم کی مرہون منت ہے۔ اگر مدافعان حرم نہ ہوتے تو آج ہم اہلبیت علیھم السلام کے دشمنوں اور فتنہ پرست عناصر سے ایران کے شہروں میں لڑ رہے ہوتے، اس لئے کہ وہ عراق کی سرحدوں سے ایران میں داخل ہونا چاہتے تھے، لیکن ان کا راستہ روکا گیا اور انہیں تہس نہس کیا گیا اور اب ان کا عراق اور شام میں مکمل طور پر صفایا ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 647297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش