0
Tuesday 20 Jun 2017 00:22

یوم القدس حق و باطل میں ٹکراؤ اور ظلم کے مقابل عدل کی صف آرائی کو ظاہر کرتا ہے، ثابت علی

یوم القدس حق و باطل میں ٹکراؤ اور ظلم کے مقابل عدل کی صف آرائی کو ظاہر کرتا ہے، ثابت علی
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر ثابت علی ساجدی نے کہا ہے کہ یوم القدس حق اور باطل میں ٹکراؤ اور ظلم کے مقابلے میں عدل کی صف آرائی کو ظاہر کرتا ہے، یوم القدس صرف یوم فلسطین ہی نہیں بلکہ یوم امت مسلمہ ہے، یوم القدس، صہیونیت جیسے مہلک سرطان کے خلاف مسلمانوں کی صدائے احتجاج کا دن ہے، ایسا سرطان جو ظالم، قابض اور عالمی استعماری طاقتوں نے امت مسلمہ میں پیدا کیا ہے۔ یوم القدس کی مناسبت سے اپنے بیان میں ثابت علی ساجدی نے کہا کہ یوم القدس ظاہر کرتا ہے کہ امت مسلمہ ہرگز ظلم کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی، یوم القدس میں عوام کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ کوئی سازش اور کسی قسم کے ہتھکنڈے ایسی بیدار قوم کے ایمانی جذبے پر اثرانداز نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعماری و استکباری طاقتیں 70 برس سے دنیا کے نقشے سے فلسطین کو محو کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور بہت حد تک کامیاب بھی ہو چکی تھیں، لیکن انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی اور اس کے ثمرات نے ان کی تمام ناپاک کوششوں کو خاک میں ملا دیا۔

ثابت علی ساجدی نے کہا کہ اگر مسلم حکومتیں اور عوام مسئلہ فلسطین اور یوم القدس سے متعلق اپنے فرائض درست طور پر انجام دیں، تو مظلوم فلسطینی عوام اس حقیقت کو درک کرلیں گے کہ دنیا میں ایسے افراد بھی ہیں، جو ان پر ہونے والے ظلم و ستم سے بیزار ہیں اور ان کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتے ہیں، یہ احساس ثابت ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اسرائیل پر دباؤ بڑھانا چاہیئے، اس سال بھی یوم القدس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یوم القدس کو منانے سے دباؤ بڑھے گا کہ مسلمان حکمرانوں کو امریکا کو راضی کرنے یا کسی اور بہانے سے اسرائیل کی غاصب صہیونی حکومت سے تعلقات برقرار کرنے کی کوشش ناکام ہو سکے، یہ دن تمام اقوام پہ واضح کرتا ہے کہ اسرائیل تمام خطے اور تمام حکومتوں اور اقوام کیلئے خطرہ ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک یوم القدس کو سرکاری سطح پہ منانے کا اعلان کریں، تاکہ دنیا سے اس شیطانی قوت کا نام ختم ہو جائے۔
خبر کا کوڈ : 647345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش