0
Tuesday 20 Jun 2017 12:45
پاکستان کو سوئٹزر لینڈ بنائیں گے

چند جذباتیوں کا مشن ترقی کا پہیہ رکوانا ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہونگے، امیر مقام

چند جذباتیوں کا مشن ترقی کا پہیہ رکوانا ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہونگے، امیر مقام
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کو حقیقی معنوں میں سوئٹزر لینڈ بنائیں گے، بحرین کالام روڈ کی 11 ارب روپے کی لاگت سے تمام تعمیراتی کمپنیاں متحرک ہوچکی ہیں، سڑک کی تعمیر سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کالام گودر ویلی اور دیسان جھیل کی کچا روڈ کی تعمیر اپنے ذاتی فنڈز سے تعمیر کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالام گودر ویلی اور دیسان جھیل روڈ کے افتتاح کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تمام پارٹیوں کے سرکردہ ارکان بھی موجود تھے، جنہوں نے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام نے مزید کہا کہ گودر ویلی اور دیسان جھیل روڈ کی تعمیر سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور دیسان جیسی تاریخی اور دلفریب جھیل تک رسائی ممکن ہو جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ سوات کو  پاکستان کا سوئٹزرلینڈ تو کہا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے کسی صوبائی حکومت نے بھی یہاں کی ترقی کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے اور نہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح صحت افزاء مقامات کی ترقی نہ صرف علاقے کے عوام بلکہ پورے پاکستان کیلئے اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ علاقے کی پسماندگی دور کرنے اور سیاحتی مقامات کو پوری دنیا کیلئے کھولنے کا مشن پورا ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گبرال اتروڑ کو کمراٹ ویلی کیساتھ منسلک کیا جائیگا، محمد نواز شریف کا مشن پاکستان کو ترقیاتی ممالک کے صف میں کھڑا کرنا ہے جبکہ چند جذباتیوں کا مشن ترقی کے پہیہ کو رکوانا ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور ان شاء اللہ ترقی کا سفر جاری رہیگا۔
خبر کا کوڈ : 647473
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش