0
Tuesday 20 Jun 2017 21:48

مجھے شریف برادران سے معافی کے بدلے رہائی کی پیشکش کی گئی ہے، جمشید دستی

مجھے شریف برادران سے معافی کے بدلے رہائی کی پیشکش کی گئی ہے، جمشید دستی
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے رکن جمشید دستی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک ڈی ایس پی کے ذریعے شریف برادران سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران احتجاج کے واقعہ پر تحریری معذرت کرنے پر رہا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ جمشید دستی کی عدالت پیشی کے موقع پر وکلاء رہنماﺅں اور دیگر نے ان سے ملاقاتیں کیں۔ عوامی راج پارٹی کے رہنماء میاں علی سومرو المعروف چھوٹا جمشید نے ڈیرہ غازی خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر جمشید دستی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ وہ ان کی رہائی کے لئے خود سوزی کیلئے تیار ہیں، جس پر جمشید دستی نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا اور کہا کہ انشاء اللہ وہ جلد عوام میں ہونگے۔ جمشید دستی کی ہمشیرہ حفیظ بی بی نے بھی جمشید دستی سے ملاقات کی۔ جمشید دستی نے وکلاء سے گفتگو میں کہا کہ شرمناک اور بدترین انتقامی کارروائیوں کی نئی مثال قائم کر دی گئی۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے عدالت کے باہر ایسا ماحول پیش کیا گیا تھا کہ جیسے کسی بڑے دہشت گردی کی عدالت میں پیشی ہو۔

دو اضلاع ڈی جی خان اور مظفر گڑھ کی پولیس امن و امان اور سکیورٹی کے تمام معاملات کو پس پشت ڈال کر جمشید دستی کو عدالت میں پیش کرنے کے عمل کی نگرانی کرتی رہی۔ پیشی کے موقع پر محکمہ انہار مظفر گڑھ کے حکام بھی موقع پر موجود تھے۔ محکمہ انہار کوٹ ادو کا ایکسین اور ایس ڈی او صوبائی حکومت کے سخت احکامات کے باعث جمشید دستی کے خلاف درج مقدمہ کی پیروی کی مد میں اپنی جیبوں سے ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات کر چکے ہیں۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر جمشید دستی نے وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک ڈی ایس پی کے ذریعے شریف برادران سے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران احتجاج کے واقعہ پر تحریری معذرت کرنے پر رہا کرنے کی پیشکش کی گئی۔ جمشید دستی نے کہا کہ وہ بدترین کرپٹ، جھوٹے، بددیانت اور جمہوریت کی آڑ میں بدترین آمریت کو فروغ دینے والے حکمرانوں کے سامنے جھک کر جنوبی پنجاب سمیت پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے اپنے غیورو وٹروں اور چاہنے والوں کو شرمندہ نہیں ہونے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 647570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش