0
Wednesday 10 Jun 2009 10:20

بیگناہوں کو مارنے والے مسلمان ہیں نہ انسان،حکمران کب تک خاموش تماشائی بنے رہیں گے : نواز شریف

بیگناہوں کو مارنے والے مسلمان ہیں نہ انسان،حکمران کب تک خاموش تماشائی بنے رہیں گے : نواز شریف
لاہور : مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ وطن کی خاطر جان کی قربانی دینے والے قوم کے محسن، عظیم سپوت اور شہید ہیں۔ بیگناہوں کو مارنے والے مسلمان ہیں نہ انسان۔ وہ گذشتہ روز گڑھی شاہو میں ریسکیو 15 کی عمارت پر حملے میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی غلام مصطفیٰ کی رہائش گاہ کے سامنے ورثاء میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کر رہے تھے۔ نوازشریف نے 14 اہلکاروں کے ورثاء کو پنجاب حکومت کی طرف سے 30،30 لاکھ کے چیک دئیے اور اعلان کیا کہ جاں بحق اہلکاروں کے بچوں کو تعلیم، ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک اہلخانہ کو تنخواہ اور مراعات ملیں گی۔ پنشن بھی ملے گی۔ ایک فرد کو ملازمت دی جائے گی۔ نوازشریف نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کو جو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے کوئی اس کا مداوا تو نہیں کر سکتا مگر اب پوری قوم اور حکومت کا یہ فرض ہے کہ ان خاندانوں کے لئے جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے پر کریں۔ غمزہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ جو لوگ ماؤں سے ان کے بیٹے بچوں سے ان کے باپ اور بھائی بہنوں سے ان کے پیارے چھین لیتے ہیں وہ مسلمان ہیں نہ انسان۔ ان کی شدت پسندی کی وجہ سے نہ صرف لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں بلکہ معیشت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔دنیا میں ہم جگ ہنسائی کا نمونہ بن رہے ہیں اور ہمارا قومی وقار مجروح ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا چاہے وہ اپنے تئیں کسی نیک مقصد کے لئے جدوجہد کر رہے ہوں لیکن غلط راستے اپنانے سے کوئی مقصد بھی نیک مقصد نہیں رہتا۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پہنچانے اور معاشرے سے شدت پسندی کی جڑ کو ختم کرنے کے لئے اپنا فرض ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کب تک بے گناہ لوگوں کا خون بہتا رہے گا، بچے یتیم ہوتے رہیں گے اور حکمران خاموش تماشائی بنے رہیں گے۔

خبر کا کوڈ : 6477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش