0
Thursday 22 Jun 2017 02:34

وقت آگیا ہے کہ عرب حکمران فلسطین میں مظالم کے خلاف آواز بلند کریں، احمد محمدی

وقت آگیا ہے کہ عرب حکمران فلسطین میں مظالم کے خلاف آواز بلند کریں، احمد محمدی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے کراچی میں متعین قونصل جنرل احمد محمدی کی جانب سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں جمعیت علماء پاکستان سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی و سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، محمد شکیل قاسمی، جماعت اسلامی کے رہنما مظفر ہاشمی، حافظ نعیم الرحمان، مولانا مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ سید جہانزیب سبزواری، مولانا انوار حمیدی، مولانا اسدالحق، اسفندیار خان، قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے وائس چیئرمین محمد اکرم، مرزا مظاہر حسین ہاشمی، فلسطین فاؤنڈیشن کے صابر کربلائی، یونس بارائی، محمد اظہر، فہد علی، جماعت اہلسنّت کے رہنما صوفی محمد حسین لاکھانی، رفیق شاہ، نظام مصطفی پارٹی کے الحاج رفیع، جے یوپی (نورانی گروپ) کے مستقیم قریشی، حافظ غوث صابری، جبکہ قاضی اسد عابد، فہیم صدیقی، عابد حسین، مبشر میر، شبیر شاہ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر علماء کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں پر بدترین ظلم ہورہا ہے مگر عرب ممالک کی قیادت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسلم قیادت نہ صرف فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرے بلکہ ابلیسی قوتوں کے خلاف متحد ہوکر دنیا کے دیگر مسلم ممالک میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرے۔

قونصل جنرل احمد محمدی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ رمضان المبارک اللہ کا مہینہ ہے اور یہ دوسرے انسانوں سے بھلائی اور ہمدردی کا درس دیتا ہے، اگر ہم اسلام کی ان اعلیٰ و ارفع تعلیمات پر عمل نہ کریں تو اللہ کی ناراضگی مول لینے والی بات ہوگی اور اللہ کو ناراض کرنے والا بڑا بدقسمت انسان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اسلام کی روشن تعلیمات کے برعکس ایک مخصوص گروہ نے اسلام کے نام پر دوسرے انسانوں سے غیر انسانی سلوک اپنایا ہوا ہے، دوسری جانب عالمی قوتوں اور نام نہاد مسلم قیادت نے فلسطین سمیت دنیا کے دیگر ممالک یمن، شام، عراق، افغانستان اور کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ تقریب سے علامہ سید عقیل انجم قادری، مظفر ہاشمی اور حافظ نعیم الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر علامہ سید جہانزیب سبزواری نے مغرب کی اذان دی اور علامہ قاضی احمد نورانی کی اقتداء میں نماز مغرب ادا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 647960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش