0
Thursday 22 Jun 2017 05:12

اسلام آباد میں مشترکہ القدس ریلی کے انعقاد کیلئے کاوشیں رنگ لے آئیں، تمام تنظیموں نے اتفاق کر لیا

اسلام آباد میں مشترکہ القدس ریلی کے انعقاد کیلئے کاوشیں رنگ لے آئیں، تمام تنظیموں نے اتفاق کر لیا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشترکہ القدس ریلی کے انعقاد کیلئے کاوشیں رنگ لے آئیں اور تمام تنظیموں نے اتفاق کر لیا ہے کہ جمعہ کو یوم القدس کی مشترکہ ریلی منعقد ہوگی۔ اسلام آباد میں گذشتہ رات ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں علامہ محمد امین شہیدی، ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء ثاقب اکبر، علامہ عارف واحدی، آئی ایس او پاکستان کے سابق مرکزی صدر حسن زیدی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا گیا کہ القدس کی ریلی مشترکہ ہوگی اور ملی یکجہتی کونسل ہی اس ریلی کو لیڈ کرے گی۔ اجلاس میں طے پایا کہ تمام تنظیمیں اپنے روٹس سے ہوتے ہوئے سہ پہر تین بجے نادرا چوک پہنچیں گی، جہاں تمام تنظیمیں ملکر سرینا چوک کی طرف جائیں گی۔ سرینہ پہنچ کر ریلی کے شرکاء ایک مشترکہ قرارداد اقوام متحدہ کے دفتر جمع کرائیں گے۔

دوسری جانب علامہ محمد امین شہیدی کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیراہتمام مشترکہ یوم القدس ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے مشاورتی اجلاس امت واحدہ پاکستان کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہوا۔ اس اجلاس میں کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین اور اراکین نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کی۔ اجلاس کو ابتک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ 20 جون کے اجلاس میں مشترکہ ریلی کے انعقاد کے فیصلے کے بعد ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر تمام جماعتوں کو ریلی میں شرکت کا سرکلر جاری کیا گیا ہے، علاوہ ازیں اس سلسلے میں ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی ہے۔

اسی طرح کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیرزبیر کی جانب سے یوم القدس کی مناسبت سے جاری کردہ پروگرام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں شاہد شمسی نے میڈیا کے شعبے میں کئے جانے والے اقدامات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک قریباً 48 خطوط لکھے گئے ہیں، جس میں میڈیا چینلز کے ڈائریکٹرز، اینکر پرسنز اور کالم نویسوں کو یوم القدس کو اپنا موضوع سخن بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوائے وقت کے کالم نویس محمد اسلم نے اس حوالے سے کالم لکھنے کی حامی بھری ہے، امید ہے کہ دیگر کالم نویس بھی اس موضوع پر کالم تحریر کریں گے، اسی طرح اینکر پرسنز اور میڈیا چینلز اس موضوع پر پروگرام نشر کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 647972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش