0
Thursday 22 Jun 2017 09:16

پاکستانی طلباء کا 8 سے 13 جولائی تک ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

پاکستانی طلباء کا 8 سے 13 جولائی تک ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیراہتمام ملک بھر کی طلباء تنظیموں نے "ایک افطار کشمیر کے نام" کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے طلبا و طالبات سے اظہار یکجہتی کیا۔ متحدہ طلبا محاذ اور دیگر طلباء تنظیموں کی طرف سے برہان وانی کی شہادت کو ایک سال مکمل ہونے پر 8 جولائی سے 13 جولائی تک ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا گیا۔ لاہور کے ہوٹل میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے دیے جانیوالے افطار ڈنر میں اسلامی جمعیت طلبا، انجمن طلبا اسلام، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، جمعیت طلبا اسلام (س)، جمعیت طلبا اسلام (ف)، اسلامی تحریک طلبا، اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن، تحریک جوانان پاکستان، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن(ن)، آل پاکستان مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن، سرائیکی سٹوڈنٹس فیڈریشن اور دیگر طلباء تنظیموں کے مرکزی صدور و رہنما شریک ہوئے۔

تنظیموں کے علاوہ افطار ڈنر میں یوتھ فورم فار کشمیر، سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ اور دیگر یوتھ گروپس کے نمائندگان بھی شریک تھے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد نے کہا کشمیری اس وقت تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کشمیریوں کی ہر ممکن حد تک اخلاقی و سفارتی مدد ہماری ذمہ داری ہے۔ ایسے حالات میں کہ جب کشمیری پاکستان کا پرچم اٹھائے کھڑے ہیں۔ ان کو پاکستان بھر کی طلباء تنظیموں کی طرف سے اظہار یکجہتی کا پیغام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان بھر کی طلباء تنظیمیں اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہیں اور انہیں اپنی بھرپور مدد کا یقین دلاتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری زندہ ہیں تو پاکستان کا پرچم تھام کر اور اگر شہید ہو رہے ہیں تو آج یہی سبز ہلالی پرچم ان کا کفن بن رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 647999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش