0
Friday 23 Jun 2017 17:41
ڈی آئی خان میں یوم القدس ملی جوش اور جہادی ولولے سے منایا گیا

یوم القدس ہر مظلوم کی حمایت اور ہر ظالم سے اعلان برائت ہے، القدس ریلی سے مقررین کا خطاب

ڈیرہ میں حسب سابق یوم القدس کی دو ریلیاں برآمد ہوئیں
یوم القدس ہر مظلوم کی حمایت اور ہر ظالم سے اعلان برائت ہے، القدس ریلی سے مقررین کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی یوم القدس انتہائی عقیدت، ملی جوش اور جہادی ولولے سے منایا گیا۔ ڈی آئی خان میں یوم القدس کی مناسبت سے دو ریلیاں نکالی گئیں۔ آئی ایس او اور ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام پہلی ریلی نماز جمعہ سے قبل جامع مسجد یاعلی (ع) سے برآمد ہوئی، جو کہ گھاسمنڈی میں اختتام پذیر ہوئی۔ دوسری ریلی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام نماز جمعہ کے بعد کوٹلی امام حسین (ع) سے برآمد ہوئی۔ جس میں جماعت اسلامی، جمعیت علمائے پاکستان اور دیگر اہلسنت و تشیع جماعتوں کے ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے بعد یہ ریلی شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں جامع مسجد صاحب الزمان سے برآمد ہوئی۔ ریلی میں قم المقدسہ سے تشریف لائے طلاب کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔ کوٹلی امام حسین (ع) سے گزر کر ریلی سرکلر روڈ پر پہنچ کر احتجاجی دھرنے میں بدل گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ یوم القدس ہر مظلوم جہاں کی حمایت اور ہر ظالم سے برائت کا دن ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر ظالم یوم القدس سے خائف اور ہر مظلوم احتجاج کی تصویر بنا ہے۔

اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رمضان توقیر کا کہنا تھا کہ اگر عالم اسلام اتحاد کی رسی تھام کر اسرائیل پہ ایک ایک بالٹی پانی بھی ڈالے تو یہ بہہ جائے، مگر افسوس یہ ہے کہ آج نام نہاد اسلامی ممالک کے حکمران امریکہ و اسرائیل کے سامنے سرنگوں ہیں، جس کا خمیازہ پورے عالم اسلام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کیلئے یہ مقام باعث شرم ہے، باعث عبرت ہے کہ ریاض میں مسلمان ملک اکٹھے ہوں اور امریکہ ان کی پیشوائی کرے۔ اس موقع پر انہوں نے واضح طور پر امریکہ اسرائیل اور ان کے حواریوں کے اقدامات کی مذمت کی اور کہا کہ آج کا عظیم دن عظیم مقصد سے منسوب ہے، یہ اسی بابرکت ساعت کا صدقہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد خدا وند قدوس کے حضور کشمیر، فلسطین کی آزادی، قبلہ اول کی آزادی کی دعاؤں کیساتھ سربسجود ہیں۔ جماعت اسلامی کے ضلعی صدر زاہد محب اللہ، جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی نائب صدر اور دیگر مقررین نے بھی جمعۃ الوداع یوم القدس کی اہمیت افادیت پر روشنی ڈالی۔ ان مقررین کا کہنا تھا کہ امام خمینی کا امت مسلمہ پہ یہ احسان عظیم ہے کہ ملت کے دیرینہ مسئلہ یعنی قبلہ اول کی آزادی پر پوری ملت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکھٹا کرگئے۔ ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کا خصوصی بندوبست تھا۔ ریلی کے اختتام پر امریکہ، اسرائیل، بھارت اور سعودی عرب کیخلاف قراردادیں پیش کی گئی، جنہیں فورآ قبول کرلیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 648363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش