QR CodeQR Code

لاہور، شیعہ علماء کونسل کی القدس ریلی، فلسطین امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، سبطین سبزواری

23 Jun 2017 22:51

ریلی سے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملت تشیع نے دنیا بھر میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرکے فرض کفایہ خوب نبھایا ہے اور استعمار دشمنی کی بھاری قیمت ۡبھی ادا کی ہے۔ اسرائیلی مظالم کے مقابلے کیلئے امت مسلمہ کو اتحاد مضبوط بنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھاکہ داعش جیسی امریکہ کی پیدا کردہ ہیں، ریاض کانفرنس میں مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کیلئے منعقد کی گئی۔ جس کا پہلا شکار قطر ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیوں کا انعقاد کرکے ناجائز اسرائیلی ریاست کے وجود کو مسترد اور فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ حماس، حزب اللہ اور اخوان المسلمون دہشتگرد نہیں، مسلمانوں کے حقوق کی آواز بلند کرنیوالی تنظیمیں ہیں، جن کا وجود امریکی حاشیہ برداروں کو برداشت نہیں۔ ریلیاں پنجاب ،سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نکالی گئیں۔ لاہور میں صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں القدس ریلی پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی گئی۔ جس میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جعفریہ یوتھ، وفاق المدارس الشیعہ، شیعہ علماء کونسل لاہور شعبہ خواتین، اسلامک ایمپلائیز اور امامیہ آرگنائزیشن کے کارکن شریک بھی ہوئے۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی بچوں کیساتھ ریلیوں میں شامل تھی جنہوں نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکی پرچم نذر آتش کیا۔

کارکنوں نے امام خمینی، رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای اور علامہ ساجد علی نقوی کی تصاویر اور فلسطینیوں کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ، مسلم لیگ (ن) علما و مشائخ ونگ کے جنرل سیکرٹری مولانا فاروق احمد سعیدی، تنظیم شہریان لاہور کے صدر شفیق رضا قادری، حافظ کاظم رضا نقوی، شہباز حیدر نقوی، ملک شوکت علی اعوان، جعفر علی شاہ، صغیر ورک، عامر علی بھٹی، فخر عباس بٹر اور دیگر نے ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، جس سے کوئی غیرت مند مسلمان اور آزادی پسند انسان الگ تھلگ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع نے دنیا بھر میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرکے فرض کفایہ خوب نبھایا ہے اور استعمار دشمنی کی بھاری قیمت بھی ادا کی ہے۔ اسرائیلی مظالم کے مقابلے کیلئے امت مسلمہ کو اتحاد مضبوط بنانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ داعش جیسی امریکہ کی پیدا کردہ ہیں، ریاض کانفرنس میں مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کیلئے منعقد کی گئی۔ جس کا پہلا شکار قطر ہوا ہے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ اسرائیل کے پنجوں سے بیت المقدس کو آزاد کروانے کیلئے شیعہ سنی اتحاد مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ استعماری طاقتوں سے نجات حاصل کی جا سکے، سعودی حکمران امریکہ کی خوشنودی کی بجائے، فلسطینیوں کے حقوق کیلئے حماس اور حزب اللہ کا ساتھ دیں، اب تاثر کو دور ہونا چاہیے کہ امریکہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے آل سعود کو استعمال کرتا ہے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے مسائل کا حل اتحاد امت ہے، دشمن مسلمانوں کو شیعہ سنی میں تقسیم کرکے دنیا میں انتشار پیدا کر نا چاہتا ہے۔ مگر قومی قیادت کی معاملہ فہمی نے طاغوتی قوتوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔


خبر کا کوڈ: 648431

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/648431/لاہور-شیعہ-علماء-کونسل-کی-القدس-ریلی-فلسطین-امت-مسلمہ-کا-مسئلہ-ہے-سبطین-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org