0
Saturday 24 Jun 2017 07:06
حکومت تکفیری دہشتگرد جماعتوں کی سرپرستی ختم کرکے ان ظالموں کیخلاف فوجی آپریشن کرے

دنیا کی کوئی طاقت اسرائیل کی نابودی اور فلسطین کی آزادی کو نہیں روک سکتی، علامہ ناصر عباس جعفری

پاکستان امریکی و اسرائیلی قیادت میں بنائے جانیوالے نام نہاد اسلامی ملٹری الائنس سے فی الفور باہر آئے
دنیا کی کوئی طاقت اسرائیل کی نابودی اور فلسطین کی آزادی کو نہیں روک سکتی، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام جمعة الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر مرکزی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی گئی۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم سمیت فلسطینی پرچم اور آزادی القدس کے پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے، جبکہ پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل مخالف نعرے درج تھے، مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار کئے گئے تھے، جنہوں نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں، جن پر یا قدس ہم آ رہے ہیں کے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان قادری، اصغریہ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی، علامہ علی مرتضی، مولانا باقر زیدی، مولانا کاظم عباس، مولانا صادق تقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ نعیم الحسن، مولانا عقیل موسٰی، مولانا حیدر عباس سمیت دیگر علمائے کرام و رہنماء شریک تھے۔

مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے کہا کہ مسلمان اقوام کو چاہئیے کہ متحد ہو کر قبلہ اول کی آزادی کیلئے جدوجہد کریں، یہ مسلم امہ کی کمزوری ہے کہ آج 69 برس سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل قبلہ اول پر قابض ہے اور مسلم امہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ امام خمینیؒ نے آج جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کر مظلوموں اور ظالموں میں واضح فرق بتا دیا ہے، آج پوری دنیا میں امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگ بھی القدس ریلیاں اور مظاپرے منعقد کر رہی ہیں، جو اس بات کی دلیل ہے کہ القدس کی آزادی عنقریب ہے۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ امریکہ دہشتگردی کا بانی اور موجد ہے، جبکہ لاکھوں مظلوم فلسطینیوں کا خون بھی امریکی ہاتھوں پر ہے، اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، جبکہ امریکہ اسرائیل کو اربوں ڈالر کا اسلحہ فوجی مدد کے نام پر دے کر مظلوم انسانیت کے قتل عام کا مرتکب ہو رہا ہے، امریکی سربراہی میں نام نہاد مسلم حکمرانوں کو اکٹھا کرکے اسرائیل کا تحفظ کرنے کیلئے اتحاد تشکیل دیئے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف مظلوم فلسطینی اور مسلمانوں کا اہم مقدس مقام قبلہ اول آزادی کے انتظار میں ہے، گذشتہ چھ برس تک شام اور عراق سمیت دیگر مقامات پر داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کے بعد امریکہ اور اسرائیل نے اب براہ راست مسلم امہ کے حکمرانوں کو اپنے چنگل میں پھنسانے کا ارادہ کر لیا ہے اور اب نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ایران کے بعد قطر کو دشمن ممالک کی صف میں کھڑا کر دیا گیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت بھی دور نہیں کہ یہی امریکی عرب حواری پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بنانا شروع کر دیں، پاکستان کی سلامتی اور بقاء کا تقاضا ہے کہ پاکستان امریکی و اسرائیلی قیادت میں بنائے جانے والے نام نہاد اسلامی ملٹری الائنس سے فی الفور باہر آئے، تکفیری جماعتیں پاکستان کی سالمیت کے درپے ہیں اور یہ خارجی روزانہ پاکستان کی مظلوم عوام کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے آج کوئٹہ اور پاراچنار میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے امریکہ و اسرائیل کی کارروائی قرار دیا اور ان واقعات میں شہید ہونے والے افراد اظہار ہمدردی کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ تکفیری دہشتگرد جماعتوں کی سرپرستی ختم کرکے ان ظالموں کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکی عرب حواریوں کے ہاتھوں امت کو تقسیم ہونے سے بچایا جائے اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کیلئے پوری مسلم امہ متحد ہو کر جدوجہد کرے، تاکہ امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل کا حل ممکن ہوسکے، دنیا کی کوئی طاقت اسرائیل کی نابودی اور فلسطین کی آزادی کو نہیں روک سکتی، ایک طرف اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، تو دوسری جانب مسلم دنیا بالخصوص عرب دنیا کے حکمران اسرائیل جیسی خونخوار ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کرکے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچا رہے ہیں، پاکستان پر بھی عرب ممالک کا دباؤ ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کر لیا جائے، لیکن پاکستان کے عوام ہرگز ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل سمیت مغربی قوتیں مسلمانوں کو تقسیم اور فرقہ واریت میں ملوث کرکے فلسطین اور القدس کی آزادی سے توجہ ہٹانا چاہتی ہیں، جس کی واضح مثال چند ناعاقبت اندیش عرب ممالک کی جانب سے فرقہ وارانہ ملٹری الائنس ترتیب دیا گیا، اگر کوئی ملٹری الائنس بنانا ہی مقصود ہے، تو پھر سب سے پہلے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور کشمیر کی آزادی کیلئے بنایا جانا چاہیے۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے علامہ باقر زیدی و دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ القدس کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، اگر عرب ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اسرائیل کے تسلیم کرنے یا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بات کی گئی، تو پاکستان کا بچہ بچہ سڑکوں پر نکل آئے گا، لیکن حکمرانوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر سودے بازی کریں اور مظلوم فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو زک پہنچائی جائے۔ اس موقع شرکائے ریلی نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، القدس کی آزادی کیلئے فلک شگاف نعرے بلند کئے، جبکہ شرکائے ریلی نے امریکی و اسرائیلی حکمرانوں کے پتلوں سمیت امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔

ریلی کے اختتام پر مندرجہ ذیل مشترکہ قرار دادیں پیش کی گئیں:

٭ آج کا یہ اجتماع مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتا ہے اور اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ فلسطینی ایک حریت پسند قوم ہے، جو غاصب صیہونیوں سے اپنی مادر وطن کی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
٭ یہ اجتماع اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی اور پاپولر فرنٹ سمیت دیگر فلسطینی مزاحمتی گروہ دہشتگرد نہیں، بلکہ اصل دہشتگرد امریکا اور اسرائیل ہیں۔
٭ آل سعود کی طرف سے دہشتگرد گروہ داعش اور النصرہ سمیت القاعدہ اور دیگر دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کئے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔
٭ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکی و اسرائیلی سرپرستی میں بننے والے نام نہاد اسلامی ملٹری الائنس سے فی الفور دستبرداری کا اعلان کرے۔
٭ پاکستان میں جاری دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، بالخصوص آج کوئٹہ میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائی میں شہید ہونے والوں کے ساتھ بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
٭ پاکستان کے ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر وہ پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، تو تکفیری جماعتوں کی سرپرستی بند کی جائے۔
٭ کوئٹہ، کراچی، پاراچنار اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں تکفیری جماعتوں کے خلاف فوج کی نگرانی میں بے رحمانہ آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔
٭ سعودی عرب، کویت، بحرین، امارات اور دیگر ممالک کی طرف سے اسلامی ملک قطر کی اقتصادی ناکہ بندی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قطر پر عائد کی جانی والی غیر انسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔
٭ یمن پر جاری سعودی جارحیت اور آل سعود کے جنگی جرائم کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یمن پر سعودی جارحیت کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
٭ بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی طرف سے بحرینی عوام کے حقوق کی سنگین پائمالی پر مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ آل خلیفہ کے جرائم کو روکنے اور بحرینی عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے۔
٭ نائجیریا میں اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی بلاجواز گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شیخ ابراہیم زکزکی کی فی الفور رہائی یقینی بنائی جائے۔
٭ شام اور عراق میں امریکی و صیہونی پیداوار داعش کی شکست پر شامی اور عراقی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
٭ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ کی ناکہ بندی فی الفور ختم کروائی جائے اور غزہ میں خوراک و دیگر بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
٭ مصر کی جانب سے غزہ کی سرحدوں کو بند کئے جانے کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مصر حکومت غزہ کی سرحد کو فلسطینیوں کیلئے کھول دے۔
٭ ہم ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں جاری آزادی و حریت کی جدوجہد میں مصروف عوام بالخصوص فلسطین، کشمیر، لبنان، عراق، شام، لیبیا، یمن، بحرین، نیجیریا، برما، افغانستان سمیت دیگر تحریکوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
٭ کوئٹہ و پاراچنار میں ہونے والی القدس ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، جس کے پیچھے امریکہ و اسرائیل کا ہاتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 648469
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش