0
Sunday 25 Jun 2017 14:38

جو چل رہا ہے میری سمجھ سے باہر ہے، جے آئی ٹی کی تفتیش کے بعد معیشت دوبارہ گر رہی ہے، نواز شریف

جو چل رہا ہے میری سمجھ سے باہر ہے، جے آئی ٹی کی تفتیش کے بعد معیشت دوبارہ گر رہی ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے بدترین سیاسی مخالفین کو جے آئی ٹی میں سنا جا رہا ہے، سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف پارک لین لندن میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری سمجھ سے باہر ہے کیا چل رہا ہے؟ جے آئی ٹی کے ممبران سے بھی کہا تھا یہ کیا معاملہ ہے، کیا کوئی کرپشن کا کیس ہے؟ کوئی الزام ہی سامنے لاؤ، صرف ہمارے ذاتی کاروبار کو کھنگال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1972 سے شروع کیا جارہا ہے، اس وقت میں وزیراعظم تھا نہ وزیراعلیٰ تھا، بھٹو نے ہماری فیکٹری کو نیشنلائز کرلیا تھا، میں سمجھتا ہوں اس سے بڑا اور کیا تماشا لگ سکتا ہے، مجھے اپنی یا اپنے خاندان کی فکر نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صرف پاکستان کی فکر ہے کہ بڑی مشکل سے معیشت کو پٹری پر ڈالا ہے، پہلے دھرنے سے چینی صدر پاکستان نہیں آسکے،پہلے دھرنے میں کہا گیا الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، یہ الیکشن میں بری طرح ہار گئے تھے، عوام ان کے ساتھ نہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ نوے فیصد ضمنی انتخابات میں بھی ن لیگ کی فتح ہوئی، پاکستان کا وقت ضائع کیاجارہا ہے، توجہ منتقل کی جارہی ہے، چار سال میں ہماری حکومت پر کوئی انگلی بھی نہیں اٹھا سکتا، پچھلے دونوں ادوار میں بھی ہم پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن سمجھتی ہے کہ ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، عوامی حمایت نہیں لاسکتے تو سازشیں کی جارہی ہیں، ناتجربہ کار سیاست دان سازشیں کررہے ہیں، لوڈ شیڈنگ ہمیشہ کے لیے ختم ہونے جا رہی ہے، جے آئی ٹی واٹس ایپ سے شروع ہوتی ہے، ہمارے بدترین سیاسی مخالفین کو جے آئی ٹی میں سنا جا رہاہے، جے آئی ٹی کی تفتیش کے بعد معیشت واپس گررہی ہے، سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 648725
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش