QR CodeQR Code

علامہ ناصر عباس جعفری کی آرمی چیف سے ملاقات، سانحہ پاراچنار پر تبادلہ خیال

27 Jun 2017 14:37

ذرائع کیمطابق سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے آرمی چیف کو پاراچنار کے عوام پر ہونیوالے مظالم سے آگاہ کیا اور انکے مطالبات سامنے رکھے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ آج اس قوم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس نے کبھی بھی پاکستان کے پرچم کو گرنے نہیں دیا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے ملاقات کی ہے، جس میں سانحہ پاراچنار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق علامہ ناصر عباس جعفری نے آرمی چیف کو پاراچنار کے عوام پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا اور ان کے جائز مطالبات سامنے رکھے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ آج اس قوم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس نے کبھی بھی پاکستان کے پرچم کو گرنے نہیں دیا، اس ایجنسی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس نے کبھی بھی ریاست کے ساتھ غداری نہیں کی، نہ ہی کبھی ریاستی اداروں پر حملہ کیا، لیکن اب ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، پاراچنار کے عوام کے جائز مطالبات پر ریاست کو عمل کرنا چاہیئے اور انہیں یہ یقین دلایا جانا چاہیئے کہ ریاست انہیں اپنا شہری تسلیم کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ذرائع کے مطابق علامہ ناصر عباس جعفری نے ایف سی کی جانب سے بےگناہ لوگوں پر کی جانیوالی فائرنگ اور شہادتوں سے بھی آگاہ کیا۔ جس پر آرمی چیف نے علماء کرام کے پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے حوالے سے کردار کی تعریف کی اور پاراچناریوں کے مطالبات کو جائز قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف خود بھی پاراچنار جائیں گے، جہاں وہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کریں گے اور ان سے ملکر ان کے مطالبات سنیں گے۔ دوسری جانب علامہ ناصر عباس جعفری بھی پاراچنار کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ مرکزی دھرنے میں شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 648902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/648902/علامہ-ناصر-عباس-جعفری-کی-ا-رمی-چیف-سے-ملاقات-سانحہ-پاراچنار-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org